میونخ فروری 18(ٹی این ایس)امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میکماسٹر نے کہا ہے کہ شامی صدر بشار الاسد کی تردیدوں کے باوجود تحقیقاتی رپورٹس ان کی حکومت کی جانب ہی کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا اشارہ کررہی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اس کو قابل احتساب گردانے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے جرمنی کے شہر میونخ میں منعقدہ ایک اہم بین الاقوامی سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی بیانات اور تصاویر واضح طور پر ظاہر کررہی ہیں کہ بشار الاسد نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال جاری رکھا ہوا ہے۔انھوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام اقوام شامی نظام اور اس کے پشتیبانوں کو ان کے اقدامات پر قابل مواخذہ قرار دیں اور کیمیائی ہتھیاروں کے امتناع کی بین الاقوامی تنظیموں کی کوششوں کی حمایت کریں۔تاہم میکماسٹر نے یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ کن عوامی بیانات یا تصاویر کا حوالہ دے رہے تھے۔