اوپن یونیورسٹی نے انٹرمیڈیٹ پروگرامز کے فائنل امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا

 
0
455

اسلام آباد فروری 20 (ٹی این ایس) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹربہار 2017ء میں پیش کئے گئے انٹرمیڈیٹ پروگرامز)ایف اے/ایف ایس سی/آئی کام( کے فائنل امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ نتائج یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkپر فراہم کر دئیے گئے ہیں اور رزلٹ کارڈ تمام امیدواروں کو ان کے دئیے گئے پتوں پر ڈاک کے ذریعہ ارسال کئے جارہے ہیں۔ وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی ہدایت پر نتائج کے پراسس کو تیز کردیا گیا ہے ٗ میٹرک ٗ اے ٹی ٹی سی ٗ پی ٹی سی ٗ سی ٹی اور پی ایچ ڈی )بزنس ایڈمنسٹریشن( پروگرامز کے نتائج یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں اورامید ہے کہ بی اے پروگرام کے نتائج کا اعلان آئندہ ہفتے کے دوران کردیا جائے گا جبکہ پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے نتائج تیزی سے مرتب کئے جارہے ہیں ۔علاوہ ازیں سمسٹربہار 2018ء کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلے جاری ہیں ٗ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 5۔مارچ مقرر کی گئی ہے۔ڈائریکٹر شعبہ داخلہ سید ضیاء الحسنین کے مطابق تما پراسپکٹس اور داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkپر موجود ہیں۔ وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو داخلوں کے خواہشمند افراد کو داخلوں کے بارے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔حالیہ برسوں میں طلبہ کی سہولتوں میں اضافے کے لئے کئے گئے اقدامات کے نتیجے میں طلبہ کا یونیورسٹی پر اعتماد داخلوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافے کی صورت میں سامنے آئی ہے۔