اس طرح کے فیصلو ں سے نواز شریف مائنس نہیں مزید مضبوط ہوگا ،بیانیہ مزید مقبول ہوگا،مسلم لیگ (ن)

 
0
384

نااہلیاں، جلاوطنیاں، دھمکیاں، الزامات، سازشیں اور مقدمات سیاست کا دھارا بدل سکی ہیں نہ بدل سکیں گی
خواجہ سعد رفیق، مشاہد اللہ خان، مریم اورنگزیب،طلال چوہدری ، رانا ثنااللہ کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل
اسلام آباد/لاہور، فروری 21 (ٹی این ایس):
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے فیصلو ں سے نواز شریف مائنس نہیں ہوسکتا بلکہ اس سے مزید مضبوط ہوگا ،نواز شریف کا بیانیہ مزید مقبول ہوگا ،نااہلیاں، جلاوطنیاں، دھمکیاں، الزامات، سازشیں اور مقدمات سیاست کا دھارا بدل سکی ہیں نہ بدل سکیں گی،اقامہ کافیصلہ بھی کسی نے تسلیم نہیں کیا تھا اس فیصلے کو بھی عوام نہیں مانیں گے،مسلم لیگ (ن)اسی لائن پر چلے گی جس کا فیصلہ نواز شریف کریں گے ۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ نااہلیاں، جلاوطنیاں، دھمکیاں، الزامات، سازشیں اور مقدمات سیاست کا دھارا بدل سکی ہیں نہ بدل سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ جو دل میں بس رہا ہے حکومت اسی کی ہے۔وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اقامہ کا فیصلہ بھی عوام نے تسلیم نہیں کیا تھا اس فیصلے کو بھی عوام نہیں مانیں گے۔ نواز شریف کے اقدامات سے سب سے فوائد حاصل کئے ہیں ۔ تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد اس کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ توقع تھی کہ ایسا ہی فیصلہ آئے گا۔نواز شریف کا بیانیہ مزید مقبول ہوگا ۔ ایک کمزور فیصلے کے دفاع میں تمام فیصلے آ رہے ہیں، (ن) لیگ کے تمام فیصلے نواز شریف ہی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، ملتوی نہیں ہونے چاہئیں، سینیٹ الیکشن ملتوی ہونا کسی کے مفاد میں نہیں ۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اس طرح کے فیصلو ں سے نواز شریف مائنس نہیں ہوسکتا بلکہ اس سے مزید مضبوط ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کا نام ہی مسلم لیگ نواز ہے اور وہ ایک مقبول لیڈر ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیدھی طرح کہا جائے کہ نواز لیگ کو انتخابات میں حصہ نہیں لینے دیں گے کیونکہ نواز شریف کو ہرانے کے لئے سیاسی طریقے کامیاب نہیں ہو پا رہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اہم ادارہ پارلیمنٹ ہے، پارلیمنٹ آئین بناتی ہے وہ جو چاہے تبدیلی کر سکتی ہے، لیکن اگر پاکستان میں نیا سسٹم لانا ہے تو الگ بات ہے۔طلال چوہدری نے کہا ہے کہ فیصلے نواز شریف کو نقصان نہیں دے رہے بلکہ ان کے بیانیے کو بڑھا رہے ہیں اور اس طرح نواز شریف مائنس نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جس کو نواز شریف چاہیں گے وہ ہی ایم این اے، ایم پی اے اور سینیٹر بنے گا۔

وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا نواز شریف مسلم لیگ (ن)کے قائد اور رہبر ہے اور ان کی رہنمائی میں ملک کی خدمت کرنے کے لیے کسی عدالتی فیصلے کی ضرورت نہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، سیاسی طور پر عوام کی ہمدردی کو آمریت کے فیصلوں سے نا پہلے روکا جا سکا تھا اور نا اب روکا جا سکے گا۔صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)اسی لائن پر چلے گی جس کا فیصلہ نواز شریف کریں گے اور اس قسم کے معاملات سے حمایت میں اضافہ ہوتا ہے۔پارٹی ٹکٹ کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے پارلیمانی بورڈ کے فیصلے نواز شریف کریں گے پارٹی میں رہنے کے لیے پارٹی قائد کے فیصلے کو تسلیم کرنا پڑے گا۔