سپریم کورٹ:پولیس افسران کی خلاف ضابطہ ترقیوں سے متعلق اپیلیں مسترد

 
0
372

اسلام آباد، فروری 21 (ٹی این ایس):سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب پولیس کے افسران کی خلاف ضابطہ ترقیوں سے متعلق اپیلیں مسترد کردیں۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے افسران کی اپیلیں مسترد کیں۔

خیال رہے کہ پولیس افسران نے انسپکٹر جنرل ( آئی جی) پنجاب کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جبکہ آئی جی کی جانب سے عدالتی فیصلوں سے ترقی پانے والوں کو بھی ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔عدالت میں سماعت کے دوران متاثرہ پولیس افسران کے وکیل نے کہا کہ عدالت پہلے بھی ریٹائرڈ افسران کی پرموشن کو اپنے فیصلے سے تحفظ دے چکی ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ چاہتے ہیں کہ انہیں ریٹائرڈ ہونے کا آپشن دیا جائے۔

بعد ازاں عدالت نے مختصر فیصلہ دیتے ہوئے پولیس افسران کی اپیلیں مسترد کردی ٗکیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پولیس میں خلاف ضابطہ ترقیوں کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے تھے کہ جس بنیاد پر ان افسران کو ترقی ملی وہ بنیاد ختم ہوگئی اور جب بنیاد ختم ہوجائے تو اس پر ملی ترقی کیسے برقرار رہے گی؟