وزیراعظم 22 اور23فروری کو ترکمانستان اور افغانستان کا دورہ کرینگے

 
0
557

دورے کے دوران تاپی گیس پائپ لائن منصوبے،بجلی ٹرانسمیشن لائنوں اور فائبر آپٹکس کے سنگ بنیاد کی تقریبات میں شریک ہونگے
اسلام آباد، فروری 21 (ٹی این ایس):
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترکمانستان اور افغانستان کے صدور کی دعوت پر 22 اور 23 فروری کو ترکمانستان اور افغانستان کا سرکاری دورہ کریں گے ۔ دورے کے دوران وزیراعظم تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ، بجلی ٹرانسمیشن لائنوں اور فائبر آپٹکس کے سنگ بنیاد کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

بدھ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم ترکمانستان اور افغانستان کے صدور کی دعوت پر 22 اور 23 فروری کو ترکمانستان اور افغانستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ سنگ بنیاد کی تقریبات میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، ترکمانستان کے صدر قربان علی ملکگولوچ بردی محمدوف، افغان صدر اشرف غنی اور بھارت کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ایم جے اکبر مشترکہ طور پر شرکت کریں گے۔ تقریب کا پہلا مرحلہ سرہتابت، ترکمانستان میں منعقد ہو گا۔ وزیراعظم اپنے قیام کے دوران ترکمانستان کے صدر سے ملاقات کریں گے اور پاکستان سمیت چاروں رکن ممالک کی ثقافت کے مظاہرے اور فن پاروں پر مبنی آرٹس اینڈ کلچرل نمائش میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے بعد فائبر آپٹکس کی تقریب منعقد ہو گی جہاں وزیراعظم دیگر رکن ممالک کے رہنماؤں کے ہمراہ بیان دیں گے۔ بعد ازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سنگ بنیاد کی تقریب کے افغان مرحلہ میں شرکت کیلئے اسی روز ہرات، افغانستان روانہ ہو جائیں گے۔ وہ افغان صدر کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔