پاکستان کو دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کی تردید‘اجلاس کے حتمی فیصلے کا انتظار کرر ہے ہیں ۔ترجمان دفترخارجہ

 
0
355

اسلام آبادفروری 23(ٹی این ایس) دفتر خارجہ نے پاکستان کو دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست (گرے لسٹ) میں شامل کرنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان اجلاس کے حتمی فیصلے کا انتظار کررہا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کی طرف سے نے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کا نام فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

 تاہم ترجمان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کا آج آخری دن ہے اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پیرس میں جاری ایف اے ٹی ایف اجلاس کے فیصلوں کا انتظار ہے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں پیش کردہ تحفظات امریکی ہیں، پاکستان نے ان میں سے بیشتر تحفظات کے حوالے سے پہلے ہی اقدامات کرلیے ہیں۔

 ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف میں پیش کردہ تحفظات امریکی ہیں، پاکستان نے ان میں سے بیشتر تحفظات کے حوالے سے پہلے ہی اقدامات کرلیے۔ کسی بھی ملک کے خلاف سیاسی عزائم کے مدنظر پابندیوں کے خلاف ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 20 جنوری کو امریکا اوربرطانیہ نے ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کو گرے ممالک میں شامل کرنے کی درخواست کی۔

 انہوں نے کہا کہ افغان مسئلے کا واحد حل افغانستان میں سیاسی مذاکرات ہیں۔ بھارت کی مسلح افواج کے سربراہ کا بیان ان کے ذہنی تصورات کا عکاس ہے، بھارت 1974 کے مذہبی وفود کے تبادلوں کے پروٹوکول کا احترام یقینی بنائے۔ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ سعودی اتحاد میں فوجی دستے سعودی عرب کی افواج کی تربیت کے لیے بھیجے‘ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ منجمد نہیں ہوا۔واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس میں آج یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، تاہم اب اس دعوے کی ایف ٹی ایف اے اور پاکستان کی جانب سے تردید کردی گئی ہے۔