پی ایس ایل تھری کے ساتویں میچ میں کراچی کنگز کی پشاور  زلمی کے خلاف پانچ وکٹوں سے فتح

 
0
497

دبئی، فروری 26 (ٹی این ایس):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے ساتویں میچ میں بولرز کی شاندار گیندبازی کے باعث کراچی کنگز نے پشاور  زلمی کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

131 رنز کے دفاع میں پشاور کے گیند بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ کو آخری اوور تک لیکر گئے تاہم عماد وسیم نے چھکا لگاکر میچ کا اختتام کردیا۔

آؤٹ ہونے والے بلے باز خرم منظور تھے جنہوں نے کرس جارڈن کی گیند پر اپر کٹ کھیلنے کی کوشش کی تاہم تھرڈ مین کی پوزیشن پر ابتسام شیخ نے شاندار کیچ پکڑ کر انہیں پویلین روانہ کردیا۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز بابر اعظم تھے جو ابتسام شیخ کی گیند پر 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم کے بعد اگلی وکٹ جو ڈینلی کی گری جنہوں نے 29 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کولن انگرام 23 رنز بناکر ابتسام شیخ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل پشاور زلمی کی 8 وکٹیں 79 رنز پر گرگئی تھیں تاہم اس موقع پر ڈوئن اسمتھ نے اکیلے ہی زلمی اپنے ٹیم کے لیے قابل دفاع رنز اسکور بورڈ پر لگادیے۔

اسمتھ نے 51 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی، اختتامی چار اوورز میں زلمی 48 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

زلمی کی جانب سے آؤٹ ہونے والے بلے باز کامران اکمل تھے جو 14 رنز بناکر محمد عامر کی ان سوئنگ کو نہ سمجھ سکے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

محمد عامر نے شاندار گیند بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تمیم اقبال کی بھی وکٹ حاصل کی جو 11 رنز بناکر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد حفیظ تھے جو شاہد آفریدی کی گیند پر کپتان عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔

حارث سہیل بھی اسکور بورڈ میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں ناکام رہے اور محمد عرفان جونیئر کی گیند پر ملز کو تھرڈ مین پر کیچ دے بیٹھے۔

ابتسام شیخ کو پچھلے میچ میں اچھی بولنگ کا صلہ ملا اور انہیں پانچویں نمبر پر بھیجا گیا تاہم وہ 2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے اور پویلین لوٹ گئے۔

کپتان ڈیرن سیمی اور ڈوئن اسمتھ کے درمیان رابطہ کے فقدان کے باعث سیمی رن آؤٹ ہوگئے۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آج کھیلے گئے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دی۔

مسلسل دو کامیابیوں کے بعد ملتان کی یہ پہلی شکست ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز دو میچز میں کامیابی اور ایک میں شکست کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

کراچی کنگز نے اب تک ایونٹ میں ایک میچ کھیلا جس میں اسے کامیابی ملی اور دو پوائنٹس کے ساتھ وہ دوسرے نمبر پر ہے۔

پشاور زلمی نے دو میچز میں سے ایک میں کامیاب اور دوسرے میں ناکام رہی اور دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس بھی دو پوائنٹس ہیں اور وہ چوتھے نمبر پر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میں ناکامی اور ایک میں کامیابی ہوئی، اسلام آباد بھی دو پوائٹنس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

لاہور قلندرز کو اپنے ابتدائی دونوں میچز میں ناکامی کا سامنا ہی رہا اور وہ اب تک کوئی پوائںٹس حاصل نہیں کرسکی ہے۔