روحانی کی سائنس کی اسلام سازی سے متعلق خامنہ ای کے منصوبے پر تنقید

 
0
349

تہران ,فروری 26(ٹی این ایس):ایرانی صدر حسن روحانی نے ریاست کے سالانہ بجٹ میں سائنسی علوم کی اسلام سازی کے منصوبے کے لیے مختص کی گئی خطیر رقم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی مرشد اعلی علی خامنہ اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے اصرار کر رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق روحانی نے کہا کہ مذہبی اداروں پر اخراجات نے ملک کی ترقی میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔انہوں نے سائنس پر اسلامی چھاپ لگانے کے لیے حالیہ کوششوں کو ناکام قرار دیا۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ سائنسی علوم کے حوالے سے تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، گاڑی میں ڈیش بورڈ پر قرآن کا نسخہ رکھ لینے سے وہ اسلامی گاڑی نہیں بن جاتی۔ انہوں نے علوم کی اسلامی اور غیر اسلامی درجہ بندی پر بھی نکتہ چینی کی۔ روحانی کے مطابق سائنس کی بنیادوں کو قرآن یا مذہب میں تلاش کرنا اور کسی بھی سائنسی علم کی جڑوں کو آیات قرآنی یا دینی روایتوں سے جوڑنے کی کوشش درست نہیں ہے۔روحانی نے کہا کہ علم کسی طور بھی نظریات کے ساتھ مربوط نہیں ہے۔ ایران میں مختلف حلقے ہیں مگر ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ بنیادی علوم بنیاد پرستوں کے لیے اور ریاضی علوم اصلاح پسندوں کے لیے ہیں۔ بعض لوگ ایک بڑی رقم خرچ کر کے طبیعیات اور کیمیاء کو اسلامی بنانا چاہتے ہیں۔ الجبرا الجبرا ہی ہے اور ریاضی بھی ریاضی ہی رہے گی۔