آمریتوں اور آمرانہ ذہنیت رکھنے والوں کی وجہ سے معاشرے میں آنیوالے بگاڑ کو ختم کر کے درست سمت چلنے کا وقت قریب آچکا ہے،آصف علی زرداری

 
0
372

اسلام آباد ، فروری 27 (ٹی این ایس): پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آمریتوں اور آمرانہ ذہنیت رکھنے والوں کی سوچ کی وجہ سے معاشرے میں جو بگاڑ آیا ہے اس بگاڑ کو ختم کرکے درست سمت پر چلنے کا وقت قریب آچکا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے پر عمل کرنے سے سماج میں مثبت تبدیلی آئیگی، آئندہ انتخابات جیتنے کے بعد پارٹی کے کارکنوں کی ذمے داریاں بڑھ جائیں گی۔
پیر کو گوجر خان سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی قربانی دینے والے کارکنوں کو کبھی نظرانداز نہیں کرتی۔ خطہ پوٹھوہار کو راجہ پرویز اشرف جیسے بہادر کارکن کی صور ت میں وزیراعظم دیا۔ آئندہ انتخابات جیتنے کے بعد پارٹی کے کارکنوں کی ذمے داریاں بڑھ جائیں گی۔ کارکن ذمے داریاں سنبھالنے کیلئے تیار رہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید انصاف پر مبنی معاشرے کیلئے جدوجہد کرتی رہیں یہی وجہ ہے کہ جمہوریت دشمن اور چھوٹی سوچ رکھنے والے ہمیشہ ان کے دشمن رہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک اس وقت ترقی کرے گا جب غریب خوشحال ہوگا، نوجوان اس وقت آگے بڑھے گا جب ان کے پاس روزگار کے وسائل ہوں گے، جہالت اور اندھیرا اس وقت ختم ہوگا جب تعلیمی اداروں میں انسانیت کی بھلائی کا درس دیا جا ئے گا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو ایک حقیقت ہیں۔ ان کا نظریہ اور فلسفہ ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت کسی سے انتقام نہیں لیتی بلکہ ظلم کرنے والوں کا مقدمہ اللہ تعالیٰ اور عوام کی عدالت میں پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کسی اور نے نہیں نکالا قدرت نے نکالا ہے کیونکہ عوام کی بددعائیں ان کا اب تک پیچھا کر رہی ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو بیروزگار کرکے فاقہ کشی پر مجبور کیا تھا۔ عوام کے روزگار کے دروازے بند کر دئیے تھے، مہنگائی کا طوفان ملک اور عوام پر مسلط کر رکھا تھا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے قوم کو ذہین، باصلاحیت اور نوجوان قیادت دی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن میں جس طرح پاکستان کا مقدمہ لڑا اور وکالت کی یہ ایک قوم پرست پاکستانی ہی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی انسانی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ آزادی اظہار کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی نے ہر ممکن اقدام اٹھائے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی سید نیر حسین بخاری، سینیٹر فرحت اللہ بابر، سردار سلیم حیدر اور راجہ خرم پرویز بھی موجود تھے۔