شام کی مظلوم بچی کی ویڈیو شعیب ملک کی طرف سے رنجیدگی کا اظہار

 
0
620

دبئی،فروری 28 (ٹی این ایس):   شامی دستوں اور فضائیہ کی باغیوں کے زیر قبضہ شہر مشرقی غوطہ میں بمباری کے باعث اب تک 500 عام شہریوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں جن میں بچے اور خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل ہیں اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

قومی کرکٹر شعیب ملک ایک جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے میں مصروف ہیں تو دوسری جانب وہ شام میں مسلمانوں کی موجودہ صورتحال سے باخبر بھی ہیں جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”میں نے ابھی پڑھا ہے کہ سیریا کی ایک چھوٹی سی بچی نے خالق حقیقی کے پاس جانے سے پہلے کہا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کو سب کچھ بتائے گی۔ میں بہت بوجھل دل کیساتھ ٹویٹ کر رہا ہوں اور بے یارومددگار محسوس کر رہا ہوں۔ اے اللہ برائے مہربانی رحم فرمائیں۔“

شعیب ملک کی یہ ٹویٹ جیسے ہی سامنے آئی تو صارفین نے خوب سراہا۔ شعیب نامی ایک صارف نے لکھا ”بالآخر کسی نے تو سیریا کے بے یارومددگار بچوں کے بارے میں ٹویٹ کی۔ ہر کوئی سری دیوی کی موت پر بات کر رہا ہے۔ جیسے وہ پاکستانیوں کی امی لگتی تھی۔“

ارسلان جاوید نے لکھا ”شعیب بھائی۔۔۔ میرے خیال سے آپ کو یہ الفاظ اپنے میچ کے آخر میں کہنے چاہئیں کیونکہ میڈیا سیریا کے معاملے پر کوریج نہیں دے رہا، آپ یہ کر سکتے ہیں“

شاہ زیب خان نے لکھا ”آمین، شکریہ ہے کہ ہمارے کرکٹرز نے معصوم لوگوں کیلئے اپنی خاموشی توڑی“

جہانگیر شیخ نے لکھا ”آمین، یا اللہ رحم۔ بہت ہی دکھ والی بات ہے۔ یہ سب پڑھنے کے بعد احساسات بیان کرنے کیلئے میرے پاس کوئی الفاظ نہیں ہیں“

روی تریپاتھی نے لکھا ”اللہ تو رحم فرما رہا ہے لیکن اللہ کے بندے اللہ کے نام پر رحم نہیں کر رہے۔۔۔ اس وجہ سے روزانہ کئی معصوم لوگ مر رہے ہیں“

حافظ ریاض نے لکھا ”جس میڈیا کو 500 شامی بچوں کی خون میں لت پت لاشیں نظر نہیں آئیں اس کو ’سری دیوی‘ کی موت نظر آ گئی، ایسے میڈیا پر ایک کروڑ بار لعنت“