عامر لیاقت حسین پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے پر تول رہے تھے کام نہ بنا تو تحریکِ انصاف میں

 
0
823

کراچی ،مارچ 17 (ٹی این ایس): معروف اینکر وسیم بادامی کا دعوی ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے پر تول رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق معروف اینکر و مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ عامر لیاقت حسین نے ہفتے کے روز نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا عندیہ دیا۔

عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کی پسندیدہ ترین جماعت تحریک انصاف ہے۔ جبکہ وہ اگلے ہفتے سیاست میں واپس آ رہے ہیں۔ اس حوالے سے اب معروف اینکر وسیم بادامی کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ وسیم بادامی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق عامر لیاقت حسین پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے پر تول رہے تھے۔

عامر لیاقت حسین آصف زرداری کیساتھ کئی روز سے رابطے میں تھے۔ تاہم پیپلز پارٹی میں شمولیت کی کوششوں میں عامر لیاقت حسین کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ناکامی کے بعد ہی عامر لیاقت حسین تحریک انصاف کی جانب دوبارہ دیکھنے پر مجبور ہوئے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کچھ عرصہ قبل ہی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے تھے اور تب بھی اس حوالے سے معاملات طے پاگئے تھے۔ تاہم تحریک انصاف کے رہنماوں اور کارکنوں کے بھرپور احتجاج اور اعتراض کے بعد عمران خان عامر لیاقت کو پارٹی میں شامل کرنے کا معاملہ موخر کرنے پر مجبور ہوگئے تھے۔