یمن کی ریزرو فورسز کے کمانڈر کے طور پر علی صالح کے بھائی کا تقرر

 
0
385

صنعاء ،مارچ 18(ٹی این ایس) :یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی نے ایک صدارتی فرمان کے ذریعے بریگیڈیئر جنرل علی صالح عفاش الحمیری کو ریزرو فورسز کا کمانڈر مقرر کیا ہے۔ الحمیری سابق صدر علی عبداللہ صالح کے سوتیلے بھائی ہیں۔واضح رہے کہ ریزرو فورسز دراصل ریپبلکن گارڈز کی فورسز کا نیا نام ہے جس کی قیادت مقتول صدر علی صالح کے بیٹے میجرجنرل احمد علی صالح کے پاس تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق علی صالح عفاش الحمیری کو ریپبلکن گارڈز فورسز کا پہلا کمانڈر شمار کیا جاتا ہے۔ انہیں 1998 میں برطرف کر کے علی صالح کے بیٹے احمد کو مذکورہ فورسز کا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔الحمیری سابق صدر علی صالح کے عزیز و اقارب میں اعلی ترین عسکری عہدے دار اور پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے یمن میں آئینی حکومت میں شمولیت اختیار کی ہے۔ وہ دسمبر 2017 میں علی صالح کے قتل کیے جانے کے بعد صنعا میں حوثیوں کے چنگل سے جان چھڑا کر نکل جانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ سال 2011 میں علی صالح کی حکومت کے سقوط کے وقت الحمیری مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے دفتر کے ڈائریکٹر تھے۔