پنجاب اسمبلی میں چائلڈ لیبر کے خلاف قراردادجمع

 
0
316

لاہور ،مارچ 19(ٹی این ایس): پنجاب اسمبلی میں چائلڈ لیبر کے خلاف آئین کے آرٹیکل 25 اے پر عمل در آمد کے لئیے قرارداد جمع کرادی گئی۔قرارداد کو مسلم لیگ (ق) کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔قرارداد کے متن میں چوہدری عامر سلطان چیمہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ہنگامی امداد برائے اطفال (یونیسف) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں لاکھوں بچے ایسے ہیں جو کبھی سکول نہیں گئے بلکہ ان بچوں کو تو معلوم ہی نہیں کہ سکول میں ہوتا کیا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت آٹھ سے سولہ سال تک کا بچہ ہر صورت سکول جانا چاہیے۔قراردادمیں کہا گیا ہے کہ پنجاب لیبر لاءکے مطابق 15 سال کے بعد بچہ لیبر کر سکتا ہے مگر بد قسمتی سے بھٹوں، ہوٹلوں اور ورکشاپوں میں بچوں سے لیبر کرائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوانین ہونے کے باوجود چائلڈ لیبر پر قابو نہ پانا ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ 5 سے دس سال کی عمر کے لاکھوں بچوں سے لیبر کرائی جارہی ہے۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 25 اے پر عملدرآمد یقینی بنائے اور جو اس کی خلاف ورزی کرے اس کو سخت سزا دی جائے۔