فلیگ شپ انویسٹمنٹ، العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کے دور ان گواہ نورین شہزاد عدالت میں پیش ٗ وکیل خواجہ حارث نے جرح مکمل کرلی

 
0
406

اسلام آباد مارچ 21(ٹی این ایس)فلیگ شپ انویسٹمنٹ، العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کے دور ان گواہ نورین شہزاد عدالت میں پیش ہوگئیں ٗ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے گزشتہ سماعت سے جاری جرح مکمل کرلی ۔بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت کی۔سماعت کے دوران گواہ نورین شہزاد عدالت میں پیش ہوئیں اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے گزشتہ سماعت سے جاری جرح مکمل کرلی۔سماعت کے بعد احتساب عدالت نے پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کو آئندہ سماعت پر بطور گواہ طلب کرتے ہوئے ریفرنسز پر سماعت 29 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی 2017 کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے احتساب عدالت کو شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کیلئے 6 ماہ کا وقت دیا تھا تاہم اس عرصے میں سماعت مکمل نہ ہوسکی۔احتساب عدالت کی جانب سے مزید وقت طلب کرنے پر عدالت عظمیٰ نے ٹرائل مکمل کرنے کے لیے 7 مارچ کو مزید 2 ماہ کا وقت دیا تھا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔نیب کی جانب سے ایون فیلڈ پراپرٹیز (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا۔دوسری جانب العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے ٗنواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز اب تک احتساب عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت انہیں مفرور قرار دے کر ان کا کیس الگ کرچکی ہے۔نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں ان تینوں ریفرنسز کے ضمنی ریفرنسز بھی دائر کیے جاچکے ہیں ۔