جوہری تجارت کا الزام، 7 پاکستانی کمپنیاں امریکی مفادات کے منافی فہرست میں شامل

 
0
346

واشنگٹن مارچ 26(ٹی این ایس):پاکستان کی 7 کمپنیاں امریکی مفادات کے منافی فہرست میں شامل کرلی گئیں۔امریکی بیورو آف انڈسٹری اور سیکیورٹی کی جانب سے تیار کی گئی اس فہرست میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ان کمپنیوں کو امریکی قومی سلامتی اور پالیسی مفادات کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔پاکستانی کمپنیوں پر جوہری تجارت میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس فہرست سے پاکستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) میں شمولیت کی کوششوں کو دھچکا لگے گا۔پاکستان نے 19 مئی 2016 کو این ایس جی کی رکنیت کے لیے درخواست دی تھی، تاہم امریکا اور دیگر مغربی ممالک بھارت کو این ایس جی کا رکن بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔واضح رہے کہ امریکا نے رواں ہفتے مجموعی طور پر 23 کمپنیوں کو اس فہرست میں شامل کیا ہے۔یہ فہرست امریکی فیڈرل رجسٹر میں شائع ہوئی، جو گزٹ آف پاکستان کے مترادف ہے۔اس فہرست میں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ جنوبی سوڈان کی 15 اور ایک سنگاپور کی کمپنی بھی شامل ہے۔جن کمپینوں کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے، انہیں برآمد کنندگان کے سخت اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا، جس کی وجہ سے ان کی غیر ملکی تجارت پر اثر پڑے گا۔