کشمیر یونیورسٹی کے طالب علم کی گمشدگی کے خلاف یونیورسٹی کے طلبا ء کا مظاہرہ 

 
0
342

سرینگرمارچ 27(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیرمیں10روز قبل پْراسرار طور لاپتہ ہونیوالے اپنے ساتھی طالب علم کی بازیابی کے حق میں کشمیریونیورسٹی کے طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق طلبہ کی ایک بڑی تعداد جیولوجی ڈیپارٹمنٹ کے باہر جمع ہوگئی اور اپنے ساتھی سمیر احمد ڈارکی بازیابی کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیاجو ایم ایس سی کا طالب علم تھا ۔ طلبا کا کہنا تھاکہ سمیر احمدڈار 17مارچ سے لاپتہ ہے۔احتجاجی طلبہ نے سمیر احمد کوفوری طور بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا۔اس موقعہ پر احتجاج میں شامل ایک طالب علم نے صحافیوں کو بتایاکہ سمیر کے گھروالوں نے پولیس اسٹیشن میں اسکی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی ہے۔تاہم کوئی اس کے بارے میں ابھی تک کوئی معلومات نہیں ملی ہیں۔سمیر کے بڑے بھائی محمد الطاف کا کہنا تھا کہ ہم نے سمیر کو ہر جگہ تلاش کیا ہے تاہم اس کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ سمیر کے ساتھی طالبعلم غلام نبی نے کہاکہ سمیر ایک ذہین طالب علم تھا اور اہم اسکی محفوظ واپسی کیلئے دعا گو ہیں۔ یونیورسٹی کے چیف پراکٹر نصیرا قبال نے میڈیا کو بتایا کہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کوبھی سمیر کی گمشدگی پر تشویش ہے ۔ کشمیریونیورسٹی کے ارتھ سائنسز کے طلباء نے بھی یونیورسٹی میں مظاہر ہ کیا ۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران جنوبی ضلع پلوامہ سمیر احمد، توصیف احمد ڈار ، عادل احمد بٹ سمیت تین نوجوان لاپتہ ہیں۔