شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم کی تعمیر ،7 کروڑ روپے میں شروع ہونے والا منصوبہ چار سال گزرنے کے بعد بھی سترہ کروڑ روپے کی کثیر رقم خرچ ہونے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا

 
0
520

راولپنڈی مارچ 28(ٹی این ایس)کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی میں کرپٹ افسران کی تعیناتی نے پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو فروغ دینے کیلئے خادم اعلی پنجاب کی کاوشوں کو پس پشت ڈال دیا ایک سال میں سات کروڑ روپے کی لاگت سے شروع ہونے والا منصوبہ چار سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا جبکہ اس کی تعمیرات میں 17 کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جا چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات جڑواں شہروں میں آنے والی تیز آندھی سے جہاں شہروں کے دیگر مقامات میں نقصانات ہوئے وہیں شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم کی تعمیر میں ناقص مواد کے استعمال کا پول کھول دیا جب آندھی سے حفاظتی گرل ہی گراونڈ میں آ گری،شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامی امور میں غفلت کی وجہ یہ منصوبہ آج بھی مکمل نہیں ہو سکا۔
منصوبہ میں حصہ لینے والے ایک کنٹریکٹر کا کہنا ہے کہ مین کنٹریکٹر نے سب کنٹریکٹرز کو ابھی تک رقوم نہیں دی حالانکہ اکثر سب کنٹریکٹر اپنا کام ایک سال پہلے ختم کر چکے ہیں۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے ممبر اور شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم میں قومی کھیل کے انسٹریکٹر پرویز کیانی کا کہنا ہے کہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران اور اہلکاروں نے یہاں کرپشن کے ریکارڈ قائم کیئے کام کے معیار پر سمجھوتہ کے عوض بھاری رشوت وصول کی جاتی رہی۔