طلبہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے سخت محنت کریں اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا وقار بلند کریں،

 
0
359

اسلام آباد,مارچ20(ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے طالب علموں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے مختلف تعلیمی شعبہ جات میں آگے بڑھنے کیلئے سخت محنت کریں اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا وقار بلند کریں۔ انہوں نے یہ بات روٹس آئیوی انٹرنیشنل سکول کے طالب علموں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزیراعظم آفس کا دورہ کیا۔

یہ ملاقات مختلف سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے طالب علموں کو وزیراعظم آفس مدعو کرنے اور ملک کے اعلیٰ ترین دفاتر کے امور کار کے بارے میں آگاہ کرنے کے اقدام کا حصہ تھی۔ دورہ کرنے والے طالب علم شاندار تدریسی پس منظر کے حامل تھے اور بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف بھی حاصل کر چکے ہیں۔ وزیراعظم نے طالب علموں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے کردار ادا کرتے ہیں اور ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی تعلیمی اداروں میں پاکستان کے حقیقت پر مبنی تشخص کو اجاگر کریں۔

ان طالب علموں میں ایک انٹرنیشنل ٹینس چیمپیئن، سکریبل چیمپیئن اور آبی تحفظ پر مرکوز منصوبے ’’بوند شمس‘‘ کے انچارج بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نے طالب علموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امریکہ میں اپنے تعلیمی تجربات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ رکن قومی اسمبلی شزہ فاطمہ خواجہ بھی اس موقع پر موجود تھیں اور انہوں نے طالب علموں کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جواب بھی دیئے جو زیادہ تر پارلیمنٹ اور قومی تشکیل میں نوجوانوں کے کردار سے متعلق تھے۔