عام انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز

 
0
358

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جانچ پڑتال کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں
اسلام آباد جون 19(ٹی این ایس) عام انتخابات 2018 کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان نے اپنے بیان میں کہا کہ جانچ پڑتال کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں۔ الیکشن کمیشن نے 11 جون تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کیے تھے، جس کے بعد ان کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کیا گیا۔انتخابی شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران کے فیصلے پر اعتراضات کے لیے اپیلیں 22 جون تک دائر کی جاسکیں گی جبکہ امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 28 جون کو جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق 2013 کے مقابلے میں 2018 کے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی تعداد میں 7 ہزار کے قریب کمی واقع ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے بیان حلفی جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے جس کے پیش نظر کئی سیاستدانوں نے کاغذات نامزدگی جمع ہی نہیں کرائے، خاص طور پر سیف اللہ فیملی نے بھی اسی وجہ سے انتخابات نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔