راولپنڈی انتظامیہ نے سیاسی جماعتوں کے بینرز اور پوسٹرز اتار دیے

 
0
380

راولپنڈی جون 25(ٹی این ایس)راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے سیاسی جماعتوں اور انتخابی امیدواروں کی جانب سے مقررہ پیمانے کی خلاف ورزی کر کے لگائے گئے پوسٹر اور بینرز ہٹانے کا آغاز کردیا۔اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کی مقامی قیادت کوایک خط بھی ارسال کیا گیا جس میں انہیں الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت کی گئی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 22 جون کو ایک ضابطہ اخلاق جاری کیا تھا جس کے مطابق پوٹریٹ کے لیے 2×3 فٹ، بینرز 3×9، پوسٹرز 18×23 انچ اور پمفلٹ کا سائز 6×9 انچ مختص کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ پینا فلیکس، پوسٹرز اور وال چاکنگ پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔خیال رہے کہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر جنہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کا جائزہ لینے کے لیے مقرر کیا گیا ہے، کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر نے شاہراہوں کا دورہ کیا اورسیاسی جماعتوں کے لگائے گئے مقررہ پیمانے سے زائد کے سائن بورڈز، بینرز، اور پوسٹرز ہٹانے کی سختی سے ہدایت کی۔اس موقع پر انتظامیہ نے امیدواروں کو خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں الیکشن کمیشن میں رپورٹ کی جائے گی، جبکہ عام انتخابات کے انعقاد تک روزانہ کی بنیاد پر ان معاملات کا جائزہ لیا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔