آبائی حلقے سے تاحیات نااہل: شاہد خاقان عباسی لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے

 
0
306

سابق وزیراعظم نے ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں اپیل کی تھی۔
لاہورجون29 (ٹی این ایس)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایپلٹ ٹریبونل کی جانب سے تاحیات نااہلی کے خلاف لاہورہائیکورٹ پہنچ گئے۔ شاہد خاقان عباسی نے آبائی حلقے این اے 57 مری سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ روز اپیل کی تھی۔اپیل میں سابق وزیراعظم نے مؤقف اختیار کیا کہ ایپلٹ ٹریبونل نے اختیارات سے تجاوز کیا، ٹریبونل کو تاحیات نااہلی کا کوئی اختیار نہیں ہے جب کہ انہوں نے درخواست میں ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی بھی استدعا کی۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کے کارکن مسعود احمد عباسی نے شاہد خاقان عباسی کے این اے 57 مری سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف ایپلٹ ٹریبونل میں درخواست دائر کی تھی۔ جسٹس عباد الرحمان لودھی پر مشتمل ٹریبونل نے سماعت مکمل ہونے کے بعد 27 جون کو محفوظ کردہ فیصلہ سناتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کے آبائی حلقے سے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں اس حلقے سے الیکشن کے لیے تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے اس حلقے پر بالترتیب 1990، 1993، 1997، 2008 اور 2013 میں کامیابی حاصل کی اور صرف ایک مرتبہ 2002 کے انتخابات میں انہیں پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام مرتضیٰ ستی نے شکست دی تھی۔