اسلام آباد ٗبارش نے جل تھل ایک کردیا ٗبارش کا پانی الیکشن کمیشن کی عمارت میں داخل 

 
0
13151

بارش کے باعث کانفرنس ہال میں لاکھوں روپے مالیت کا فرنیچر تباہ اور برقی آلات شدید متاثر ہوئے 
اسلام آباد جولائی 18(ٹی این ایس)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کردیا ہے اور بارش کا پانی الیکشن کمیشن کی عمارت میں داخل ہوگیا ہے۔تفصیلات کیمطابق بدھ کو وفاقی دارالحکومت میں مون سون کی بارشوں نے الیکشن کمیشن کو ڈبو دیا، بارش کا پانی الیکشن کمیشن کی عمارت میں داخل ہوگیا ہے۔

گراؤنڈ فلور پر ہر جانب پانی ہی پانی نظر آیا۔ عمارت کی لفٹ اور میٹنگ روم میں دو فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا ٗ بارش کا پانی الیکشن کمیشن کے واحد کانفرنس ہال میں بھی داخل ہوگیا، بارش کے باعث کانفرنس ہال میں لاکھوں روپے مالیت کا فرنیچر تباہ اور برقی آلات شدید متاثر ہوئے ، پانی بھر جانے سے الیکشن کمیشن کی واحد لفٹ ناکارہ ہوگئی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ملازمین عمارت سے واٹر پمپ کے ذریعے پانی نکالنے کیلئے سرتوڑ کوششوں میں مصروف رہے ٗ

دوسری جانب سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیئرمین سی ڈی اے اور سیکرٹری کیڈ سے ملاقات کرکے انہیں ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق گزشتہ بارش میں بھی ای سی پی میں جمع شدہ پانی کے باعث کافی نقصان ہوا تھا، سی ڈی اے کو اس معاملے کا نوٹس لینے کے لیے خط بھی لکھا گیا۔