پرویز خٹک نے پیپلز پارٹی کے لئے غیر اخلاقی الفاظ استعمال کرنے پر معذرت کرلی

 
0
7619

مولانا فضل الرحمٰن اور ایز صادق کے خلاف بھی بد زبانی پر نوٹس جاری کئے جاچکے ہیں

پشاور ، جولائی 20(ٹی این ایس):  سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے ایک جلسہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے لئے غیر اخلاقی الفاظ استعمال کرنے پر معذرت کرلی ہے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام  میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقے میں میرا مخالف امیدوار کروڑوں روپے لگا رہاہے اور لوگوں کو پیپلز پارٹی کا جھنڈا لگانے کی لئے دس، دس ہزار روپے دیئے جار ہے ہیں۔ اس صورت حال پر جلسے کے دوران جذبات میں آکر میر ے منہ سے ایسے الفاظ نکل گئے جس پر میں معذرت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد پیپلزپارٹی یا کسی اور سیاسی جماعت کونشانہ بنانا نہیں تھا ۔

واضح رہے کہ پرویز خٹک نے ایک جلسہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”مجھے وہ گھر طوائف کا گھر نظر آتا ہے جس پر پیپلز پارٹی کا جھنڈا لگا ہو“لیکن اب وہ اس حوالے سے معذرت کر چکے ہیں۔

واضع رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے نازیبا زبان کے استعمال اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایاز صادق، مولانا فضل الرحمٰن اور پرویز خٹک کو نوٹسز جاری کردیے۔

تینوں رہنمائوں کو  کل21 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔ ای سی پی کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اورسابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز اور نازیبا گفتگو نشر ہوئی جس پر دونوں رہنماؤں کو 21 جولائی کو خود یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔