فیس بک کا انٹرنیٹ سیٹلائٹ منصوبے کا آغاز

 
0
513

سان فرانسسكو26جولائی (ٹی این ایس)سوشل میڈیا کے مقبول پلیٹ فارم فیس بک نے دنیا کے پس ماندہ اور غریب ممالک میں انٹرنیٹ کی نشریات پہنچانے کے لیے اگلے سال ’انٹرنیٹ سیٹلائٹ‘ زمین کے گرد مدار میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں فیڈرل کمیونی کیشنز کمیشن کی ای میل سے معلوم ہوا ہے کہ فیس بک 2019ء کے پہلے چند ماہ میں ’ایتھنا‘ نامی انٹرنیٹ سیٹلائٹ زمین کے نچلے مدار میں روانہ کرے گی۔ یہ سیٹلائٹ دنیا کے پسماندہ اور غریب خطوں میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرے گی۔ اس کے لیے فیس بک نے ’پوانٹ ویو ٹیک‘ نامی کمپنی بھی بنائی ہے۔ جولائی 2016ء میں پہلی بار فیس بک نے ایسی سیٹلائٹ کا خیال پیش کیا جو خلا سے انٹرنیٹ کی سہولت زمین تک فراہم کرے گی۔ فیس بک نے اسے اگلی نسل کے براڈ بینڈ اسٹرکچر کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل فیس بک نے انٹرنیٹ شعاع بھیجنے والے ڈرون کا تصور بھی پیش کیا تھا۔انٹرنیٹ سیٹلائٹ بہت چھوٹی ہوں گی اور زمین کے نچلے مدار (لو ای او) میں گردش کریں گی۔