متحدہ اپوزیشن کی طرف سے مولانا فضل الرحمن  کے صاحبزادے اسد محمود  کو ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی کے انتخاب میں امیدوار نامزد

 
0
89936

اسلام آباد،اگست 08 (ٹی این ایس): متحدہ مجلس عمل نے جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمن کے صاحبزادے  مولانااسد محمود کو قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں امیدوار نامزد کر دیا ہے ، وہ اتحادی جماعتوں کے متفقہ امیدوارہونگے۔واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے مسلم لیگ ن نے  شہباز شریف کو وزیر اعظم، پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کو  سپیکر قومی اسمبلی اور متحدہ مجلس عمل نے مولانا فضل الرحمن  کے صاحبزادے اسد محمود  کو ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی کے انتخاب میں امیدوار نامزدکردیا ہے۔

ایم ایم اے کے سیکرٹری اطلاعات مولانا شاہ اویس نورانی نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل نے مولانا اسد محمود کوڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی کیلیے امیدوارنامزد کردیا ہے،مولانا اسد محمود اپوزیشن کے متفقہ امیدوارہوں گے،اسد محمود کی نامزدگی کا فیصلہ مولانافضل الرحمان کی زیرصدرات اجلاس میں ہواہے۔واضح رہے کہ اسد محمود مولان فضل الرحمن کے صاحبزادے ہیں اور ان دنوں وہ اپنے دادمولانا مفتی محمود مرحوم کے جامعہ قاسم العلوم ملتان میں مسند سنبھال رکھی ہے ،جواں سال اسد محمود قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 37 ٹانک سے متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، وہ قومی اسمبلی کے سب سے کم عمر ترین رکن ہیں ۔مولانا اسد محمود نے جامعہ خیرالمدارس ملتان سے دینی تعلیم مکمل کی اور آج کل جامعہ قاسم العلوم ملتان کے مہتم ہیں، ان کے دادا مولانا مفتی محمود بھی اسی مدرسے کے مہتم رہے تھے ۔یاد رہے کہ 2013 میں مولانا فضل الرحمن کی ڈیرہ اسماعیل خان سے خالی کی گئی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے داور خان کنڈی نے اسد محمود  کو 22 ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی ۔