امجد صابری کے ہمنوا سلیم صابری کا وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج

 
0
9220

کراچی ستمبر 4(ٹی این ایس):معروف قوال امجد صابری مرحوم کے ہمنوا سلیم صابری نے سندھ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 15 لاکھ روپے معاوضہ کی عدم ادائیگی پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا۔قوال سلیم صابری وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے سڑک پر بیٹھ گئے اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وہ امجد صابری کے بعد پریشان ہیں ، فن ہے لیکن وسائل نہیں ہیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ کوئی بھی حکومت ہو اعلان کرتی ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا
سلیم صابری کا کہنا تھا کہ اگر مجھے معاوضہ نہیں دیا جاتا تو کم سے کم ایک نوکری دی جائے، ان کا مزید کہنا تھا کہ میں گھر کا کرایہ ادا نہیں کر سکتا سندھ حکومت میری مدد کرے۔انہوں نے بتایا کہ میں نے عمران خان کے کینسر ہسپتال کیلئے قوالی گا کر چندہ جمع کیا تھا، اگر اب بھی وسائل ہوتے تو بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے بھی پروگرام کرکے چندہ جمع کرسکتا تھا۔واضح رہے کہ سلیم صابری معروف قوال امجد صابری پر ہوئے قاتلانہ حملے کے وقت ان کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے اور زخمی بھی ہوگئے تھے ۔