ابو ظہبی:پاکستانی نوجوان نے گائیکی کے معروف مقابلے میں سب کو پچھاڑ دِیا

 
0
468

اسلام آباد کے رہائشی اعجاز خواجہ نے ’کیمپ کا چیمپ‘ نامی مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کی
ابو ظہبی ستمبر 29 (ٹی این ایس): ابو ظہبی میں مقیم ایک پاکستانی کولیکشن ایجنٹ نے دُبئی میں منعقد ہونے والے ’کیمپ کا چیمپ‘ نامی گائیکی مقابلے میں میں انفرادی گلوکاری کے شعبے میں پہلا انعام حاصل کر لیا۔ ویسٹرن یونین کی جانب سے منعقدہ مقابلے میں اسلام آباد کے رہائشی 28 سالہ اعجاز خواجہ ’سیزن کے بہترین سنگر‘ کا ایوارڈ لے اُڑے۔ اس گائیکی مقابلے کا اہتمام جبلِ علی کے انڈسٹریل ایریا میں کیا گیا تھا۔
اعجاز خواجہ کو اس مقابلے کا فاتح قرار پانے پر 35ہزار درہم کی انعامی رقم سے بھی نوازا گیا ہے۔ گائیکی کے اس مقابلے میں مجموعی طور پر چار ہزار سے زائد افراد کے آڈیشن لیے گئے تھے، جبکہ اختتامی مرحلے میں چار افراد کے درمیان مقابلہ تھا۔ ’کیمپ کا چیمپ‘ کو اُس کی بے پناہ مقبولیت کی بِنا پر دُبئی آئیڈل کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ اعجاز خواجہ گزشتہ چار سال سے امارات میں مقیم ہیں۔
انہوں نے اپنی بے پناہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’میں نے اپنی جانب سے بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کی جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ میں جمعۃالمبارک کے روز اپنے بھائی کی شادی میں شرکت کے لیے پاکستان جا رہا ہوں، اور یہ خبر اُنہیں جاتے ساتھ ہی سُناؤں گا تو اُن کی خوشیاں دوبالا ہو جائیں گے۔ مجھے اُمید ہے کہ میرا کیریئر بطور ایک گلوکار کے کامیابی سے ہمکنار ہو گا۔
اعجاز خواجہ نے بتایا کہ وہ بھارتی چینل زی ٹی وی کی ایک ڈراما سیریز کے لیے ٹائٹل سانگ بھی گا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ امارات کے ایک امیچور میوزک بینڈ کا حصّہ بھی ہیں۔ گائیکی کے ایک اور مقابلے ’ویسٹرن یونین انتاکشری‘ (ٹیم کیٹگری) میں دو بھارتی شہریوں کرشنا دیو کُمار اور صہیب عبدالرزاق میدان مارنے میں کامیاب ہو گئے، یہ دونوں نوجوان راس الخیمہ میں روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں۔ واضح رہے کہ ویسٹرن یونین کی جانب سے منعقدہ اس گائیکی مقابلے کی مقبولیت امارات بھر میں بہت زیادہ ہے، گزشتہ دِنوں اس گائیکی مقابلے کا بارھویں بار انعقاد کیا گیا۔آپ بھی اعجاز خواجہ کی کانوں میں رس گھولتی سُریلی آواز پر مشتمل ویڈیو سے لطف اندوز ہو جائیے۔