سید پور کو سوئی گیس کی فراہمی کی طرح دیگر دیہات کو بھی بنیادی سہولیات فراہم کریں گے،علی نواز اعوان

 
0
19305

                اسلام آباد جنوری 18 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے مشیر برائے امور سی ڈی اے و رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ ماضی میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو نظر انداز کیا گیا، سید پور کو سوئی گیس کی فراہمی کی طرح دیگر دیہات کو بھی بنیادی سہولیات فراہم کریں گے اورآئندہ پانچ سال میں اسلام آباد کی تقدیر بدلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سید پور ماڈل ویلیج کو سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیح ہے، سید پور کے عوام کو سوئی گیس کی فراہمی کے ذریعے عوامی خدمت کا ایک اور سنگ میل طے کرنے جا رہے ہیں ۔ انتہائی کم مدت میں سوئی گیس کی فراہمی راجہ شیراز کیانی کی محنت کا ثمر ہے جس پر پورے علاقہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ مل کر اسلام آباد کو مثالی شہر بنائیں گے۔ اس موقع پر سید پور یونین کونسل کے چیئرمین راجہ شیراز کیانی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ علی نواز اعوان کی قیادت میں آج ہم ایک سنگ میل پر پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی حقوق دلوانا میرا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی پر سیدپور کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ راجہ شیراز کیانی نے کہا کہ سید پور ماڈل ویلیج تاریخی اہمیت کا حامل گاﺅں ہے اسے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے۔