ساہیوال کا سانحہ دردناک تھا‘ اس نے ہر پاکستانی کو متاثر کیا تاہم اس واقعہ پر سیاست نہ کی جائے‘ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنائیں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

 
0
405

اسلام آباد جنوری 23 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ساہیوال کا سانحہ دردناک تھا‘ اس نے ہر پاکستانی کو متاثر کیا تاہم اس واقعہ پر سیاست نہ کی جائے‘ اگر منتخب نمائندوں کی توہین کی جائے گی تو یہ جمہوری روایات کی خدمت نہیں ہوگی‘ ساہیوال واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنائیں گے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے ایک نکتہ اٹھایا تھا۔طے یہ ہوا تھا کہ فنانس بل پر اظہار خیال کریں گے اور پھر فنانس بل پیش کریں گے تاہم انہوں نے یہ ساہیوال کا واقعہ اٹھایا ہے۔ اس واقعہ نے ہر پاکستانی کو متاثر کیا۔ یہ دل کو رلا دینے والا واقعہ ہے۔ اس واقعہ کی ہدایات حکومت کی طرف سے نہیں تھیں، حکومت نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ دو دن اس واقعہ پر ایوان میں بحث ہوئی۔ یہ معاملہ اب اٹھانا مناسب نہیں تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہیں‘ ان کے بارے میں الفاظ مناب نہیں ہیں۔ اگر منتخب نمائندگان کی توہین کریں گے تو جمہوری روایات کی خدمت نہیں ہوگی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعلیٰ موقع پر گئے۔ وزیراعظم نے رپورٹ طلب کی‘ جے آئی ٹی نے اپنا کام مکمل کیا اور حالات واقعات کا جائزہ لے کر خلیل کی فیملی کو معصوم اور بے قصور قرار دیا۔ہم سمجھتے ہیں کہ انہیں قتل کیا گیا۔ یہ دہشت گرد نہیں تھے، ان کو ناحق مارا گیا۔ ماضی میں حکومتیں چیزوں کو دبانے کی کوشش کرتی رہیں، اس حکومت نے کوئی پردہ پوشی نہیں کی۔ کسی سرکاری افسر کو تحفظ نہیں دیں گے۔ قصوروار کو قرار واقعی سزا دیں گے۔ انصاف پر پاکستان کا بنیادی حق ہے اس کا تحفظ کریں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ حقائق قوم اور ایوان کے سامنے پیش کریں گے۔اس سانحہ میں مارے جانے والے ذیشان کے حوالے سے مزید تحقیقات کے لئے کمیٹی نے وقت مانگا ہے۔ اس معاملہ پر میڈیا کو ان کیمرہ بریفنگ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ اصل حقائق سامنے آئیں۔ اس کیس کا مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت میں چلایا جائے گا۔ اعلیٰ افسران کو اپنے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ یہ اس حکومت کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی قصور وار کو نہیں بخشا جائے گا۔ عوام اور قوم سے پردہ پوشی اور حقائق نہیں چھپائے جائیں گے۔ حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔ معصوموں کی کفالت اور تحفظ کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔ یہ دردناک واقعہ تھا آپ کا استحقاق ہے اس پر بات کریں۔ اس کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے استعمال نہ کیا جائے۔