حکومتی پیشکش اور اہل خانہ کے اصرار کے باوجود نواز شریف علاج کیلئے ہسپتال منتقل ہونے پر آمادہ نہ ہوئے

 
0
90873

لاہور مارچ 08 (ٹی این ایس): حکومتی پیشکش اور اہل خانہ کے اصرار کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف تاحال علاج کیلئے ہسپتال منتقل ہونے پر آمادہ نہ ہوئے جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی دل کی بیماری بگڑ رہی ہے ، حکام سے درخواست ہے کہ وہ جیل میں لائف سیونگ یونٹ قائم کریں ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ان کے چھوٹے بھائی محمد شہباز شریف، صاحبزادی مریم نواز، پارٹی کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف اور مریم نواز کو گزشتہ روز وزیر اعلیٰ کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل سے ہونے والی ملاقات اور اپنے موقف سے آگاہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بھی اہل خانہ نے نواز شریف سے درخواست کی کہ وہ دل کے عارضے کے علاج کیلئے ہسپتال منتقل ہو جائیں تاہم سابق وزیر اعظم کی جانب سے تاحال اس پر آمادگی ظاہر نہیں کی گئی ۔نواز شریف سے ملاقات کے بعد مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف سے جیل میں ملاقات ہوئی ہے اور وہ ابھی تک کسی ہسپتال جانے کیلئے راضی نہیں ہیں ۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے دل کا عارضہ بگڑ رہا ہے ،حکام سے درخواست ہے کہ جیل میں لائف سیونگ یونٹ قائم کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کے بطور تین بار وزیر اعظم رہنے اور بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہونے کی وجہ سے انہیں صحت کی سہولتیں ملنی چاہیے ۔نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنا ن نے کہا کہ سابق وزیر اعظم دل کے پیچیدہ امراض کا شکار ہیں اس لئے انہیں فوری علاج کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر عدنان نواز شریف کیلئے ادویات بھی ہمراہ لائے تھے۔