سی ڈی اے کھلاڑیوں کے لیے خوشخبری، اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد

 
0
17196

اسلام آباد مارچ 08 (ٹی این ایس): سی ڈی اے اپنے ایسے کھلاڑی جو مختلف ٹورنامنٹس میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے سی ڈی اے گالف ٹیم کے کھلاڑی طالب حسین کو سوئینئر دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر فنانس فہد ہارون عزیز، سی ڈی اے کی گالف ٹیم کے مینجر وڈی جی ایچ آر ڈی ریاض احمد رندھاوا بھی موجود تھے۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ طالب حسین گذشتہ کئی سالوں سے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتا آ رہا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ طالب حسین نے 2011 میں کوئٹہ میں منعقد ہونے والے آل پاکستان بولان گالف ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جس کے بعد اب تک 9 مختلف ٹورنامنٹس میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ 2019 میں منعقد ہونے والے چھٹے جے اے زمان اوپن گالف ٹورنامنٹ میں بھی اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے طالب حسین نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ایسی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ادارے کا اثاثہ ہیں اور انکے ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ یہ ادارے کے لیے مزید اعزازات حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ طالب حسین گالف رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں شامل ہے جو کہ ادارے کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔