یوم آزادی کی ستر سالہ تقریبات شایان شان انداز میں منانے کیلئے وزیر اعظم کے خصوصی احکامات جاری

 
0
39803

اسلام آبادجولائی19 (ٹی این ایس ):یوم آزادی کی ستر سالہ تقریبات کو شایان شان انداز میں منانے کیلئے وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔اس سلسلے میں تشکیل دی جانی والی کمیٹی کا سربراہ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کو منتخب کیا گیا ہے جنہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کو یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی پروگراموں کی تیاری کی ہدایت کی ہیں۔پاکستان ٹیلی وژن کے اعلی حکام کی رہنمائی میں پروگراموں کی ریکارڈنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔پی ٹی وی اسلام آباد سینٹر سے پیش کیا جانے والا پروگرام ایکسپیڈیشن پاکستان اور ملٹی لینگول سانگ کی ریکارڈنگ کے لیے پی ٹی وی کی ٹیمیں پورے ملک کا دورہ کر رہی ہیں۔ ملٹی لینگول سانگ ملک کی بارہ علاقائی زبانوں پر مشتمل ایک گیت پر مبنی ہے جس میں پاکستانیت کا انتہائی عمدہ انداز میں اظہارکیا گیا ہے۔’’پاکستان سپیچز‘‘ تقریری مقابلہ ہے جس میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔’’پاکستان کوئز‘‘ میں پاکستان کے حوالے سے سوال جواب کیے جائیں گے۔’’میں ہوں پاکستان‘‘ اس نشریات کا منفرد پروگرام ہو گا جس میں زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے پاکستانی نوجوانوں سے قوم کو متعارف کرایا جائے گا۔اس کے علاوہ خصوصی مشاعرہ،نئے ملی نغمے اور دیگر دلچسپ پروگرام اس نشریات کا حصہ ہوں گے۔