وزیراعظم نے عمر ایوب کو وزیرپٹرولیم کا اضافی چارج دے دیا، عمر ایوب کے پاس وزارت توانائی کا بھی قلمدان ہے، عمر ایوب کی بطور وزیرپٹرولیم تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

 
0
799

اسلام آباد مئی 06 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے عمر ایوب کو وزیرپٹرولیم کا اضافی چارج دے دیا، عمر ایوب کے پاس وزارت توانائی کا بھی قلمدان ہے، عمر ایوب کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت پٹرولیم کا قلمدان بھی سونپ دیا ہے۔عمر ایوب اس وقت وزارت توانائی کے وزیر ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمرا ن خان نے عمر ایوب کی بطور وزیرپٹرولیم تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
دوسری جانب وزیر توانائی عمر ایوب خان نے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران علی گوہر خان کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے بجلی چوروں کو پکڑنے کی مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔ فیصل آباد سمیت دیگر تمام علاقوں کے فیڈرز کے مکمل اعداد و شمار فراہم کر سکتے ہیں۔ ایک فیڈر سے بجلی چوری دوسرے فیڈر پر منتقل کرنے پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔
ہم اس کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیسکو میں ٹرانسفارمر کی وافر تعداد موجود ہے۔ گزشتہ سال لائن لاسز 19.5 فیصد تھے۔ کمرشل نقصانات 10 فیصد تھے۔ سابق حکومت نے الیکشن کی وجہ سے ہائی لاس فیڈر کو بھی بجلی کی فراہمی شروع کردی جس کی وجہ سے ہماری حکومت کو 806 ارب روپے گردشی قرضوں کا سامنا ہے۔ ہم نے اسے چیلنج سمجھتے ہوئے پیسکو‘ پیپکو ‘ کیسکو اور حیسکو میں چوری کی شرح میں کمی آئی ہے۔
ہم نے چار ماہ میں 51 ارب روپے کی ریکوریاں کی ہیں۔ جن علاقوں میں چوری پر قابو پایا جاتا ہے اور کنڈا کلچر ختم ہو جاتا ہے وہاں بجلی کی فراہمی شروع کردی جاتی ہے۔ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے بعض علاقوں میں ہمیں 85 فیصد لائن لاسز کا سامنا ہے۔ ان پر بھی قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایچ ڈی ٹرانسمیشن لائنوں اور میٹرز پر کپیسٹرز لگائے جارہے ہیں۔