عالمی عدالت نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ سنانے کی تاریخ کا اعلان کردیا

 
0
19344

اسلام آباد جولائی 04 (ٹی این ایس): عالمی عدالت نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ سنانے کی تاریخ کا اعلان کردیا، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے کارندے اور دہشت گرد کلبھوشن کے کیس کا فیصلہ رواں ماہ 17 جولائی کو سنایا جائے گا، پاکستان کو فیصلہ اپنے حق میں آنے کی امید۔ تفصیلات کے مطابق عالمی عدالت انصاف بھارت کے جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن یادیو کیس کا محفوظ فیصلہ رواں ماہ سنائے گی۔
حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو کے کیس کا فیصلہ جلد سنا دیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے عالمی عدالت میں کلبھوشن یادیو کیس بہت اچھے انداز میں لڑا ہے اس لیے امید ہے کہ پاکستان کی اس میدان میں‌ فتح ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ رواں برس 5 مارچ 2019 کو وزیرِ اعظم عمران خان کو عالمی عدالتِ انصاف میں بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن یادیو کیس کی پیروی کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔
بریفنگ کے دوران اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور نے وزیرِ اعظم کو عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس کی پیروی کی تفصیلات سے آگاہ کیا تھا اور یقین دلایا تھا کہ پاکستان اس کیس میں فتحیاب ہوگا۔ یہ بھی یاد رہے کہ رواں برس 21 فروری کو ہیگ میں عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت مکمل ہوئی تھی۔ کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل انور منصور نے عالمی عدالت میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے عدالتی نظام پر تنقید کا جواب دیا تھا۔
اٹارنی جنرل نے پاکستان کے ملٹری کورٹس اور سول عدالتوں کے متعدد فیصلوں کے حوالے دیے۔ 21 فروری کو پاکستانی وکلا کی جانب سے مزید دلائل دیے جانے کے بعد عالمی عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ واضح رہے کہ بھارتی دہشت گرد اور جاسوس کلبھوشن یادیو کو 2015 میں بلوچستان کے گرفتار کیا گیا تھا۔ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان کے خفیہ اداروں کا تاریخی کارنامہ تھا۔
دنیا میں کہیں بھی کبھی بھی کسی بھی خفیہ ادارے کو دشمن کے کسی ہائی رینک جاسوس کی گرفتاری میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ بعد ازاں کلبھوشن یادیو نے بھارتی خفیہ ایجنسی کی ایماء پر بلوچستان اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث رہنے کا اعتراف بھی کر لیا تھا۔ اسی اعتراف کے بعد کلبھوشن یادیو کو پاکستان میں پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔ اب عالمی عدالت میں دائر کیس میں فتح حاصل کرنے کے بعد پاکستان کلبھوشن یادیو کی پھانسی کی سزا پر علمدرآمد کر سکے گا۔