متحدہ عرب امارات میں فیملی ویزہ حاصل کرنے کے لیے کیا شرائط ہوں گی؟

 
0
7654

کم از کم آمدنی چار ہزار اور تنخواہ دار فرد کے لیے تین ہزار درہم ہونا لازمی ہے
دُبئی جولائی 20 (ٹی این ایس): متحدہ عرب امارات کی جانب سے فیملی ویزہ کے حصول کے لیے نئی شرائط سامنے آئی ہیں۔ ماضی میں امارات میں مخصوص پیشوں پر کام کرنے والے تارکین وطن ہی اپنے گھر والوں کو بُلا سکتے تھے ، تاہم اب پیشے کی بجائے تنخواہ کا نظام مقرر کر دیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے ادارہ برائے شہریت و قومی شناخت کی جانب سے امارات میں فیملی ویزہ حاصل کرنے کے لیے اعلان کردہ شرائط مندرجہ ذیل ہیں:
۔
اگر امارات میں مقیم کوئی مرد یا خاتون اپنے بیوی بچوں یا جیون ساتھی کو فیملی ویزے پر بُلانا چاہتے ہیں تو ایسی صورت میں تنخواہ دار طبقے کے لیے کم از کم ماہانہ آمدن تین ہزار درہم ہو اور رہائش کی سہولت ادارے یا کفیل کے ذمے ہونی چاہیے جبکہ اپنا کاروبار کرنے والوں کے لیے ماہانہ آمدنی چار ہزار درہم ہونا لازمی ہے۔
۔ کوئی بھی مرد یا خاتون اپنے 18 سال سے کم عمر بچوں کو اپنے پاس ٹھہرانے کے لیے فیملی ویزے پر بُلا سکتے ہیں البتہ 18 سال سے زائد عمر کے بچوں کو یہ سہولت حاصل نہیں ہوگی۔

۔ فیملی ویزے کے تحت غیر شادی شُدہ لڑکیوں کا ویزہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
۔ ’امارات میں مقیم مرد یا عورت کو فیملی ویزہ حاصل کرنے کے لیے نکاح نامہ جمع کروانا ہوگااس کے علاوہ بچوں کے برتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوں گے جو کہ تصدیق شدہ ہوں، اس کے ساتھ عربی زبان میں ترجمہ بھی منسلک کرنا ہوگا۔
۔ سرکاری اداروں میں کام کرنے والوں کو ماہانہ تنخواہ کا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا یا پھر ملازمت کے معاہدے کی کاپی پیش کرنی پڑے گی۔
جبکہ نجی اداروں کے ملازمین کو آخری تین ماہ کی بینک سٹیٹمینٹ پیش کرنا ہوگی۔‘
۔ بیوہ اور مطلقہ خواتین بھی اپنی اولاد کے لیے ویزہ حاصل کر سکتی ہیں تاہم اسکے لیے وہ بنیادی دستاویزات کے ساتھ طلاق نامہ یا شوہر کا وفات نامہ بھی پیش کریں۔ طلاق نامہ یا وفات نامے کی فوٹو کاپی اصل کے ساتھ جمع کرانا ہوگی۔ یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ بچوں کی پرورش انہی کی ذمہ داری ہے۔