وزیراعلیٰ پنجاب کا کچھ کابینہ ارکان کیخلاف الزامات کی انکوائری کا فیصلہ

 
0
251

لاہور ستمبر 20 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کچھ کابینہ ارکان کیخلاف الزامات کی انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعلیٰ نے وزراء کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے، جس کی بنیاد پرچار پانچ وزراء کی وزارتیں تبدیل اور کچھ وزراء کے قلمدان واپس لے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار گزشتہ روز عمرہ کی سعادت حاصل کرکے آج رات وطن واپس پہنچیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار20ستمبر کو عمرہ کی ادائیگی کے بعدرات گئے تقریباً2بجے وطن واپس پہنچ جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے وطن واپسی کے فوراً بعد رات گئے ائیرپورٹ پر چونیاں میں بچوں کے قتل کے واقعہ پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیاہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کریںگے۔ صوبائی وزراء راجہ محمد بشارت، ہاشم ڈوگراورسردار آصف نکئی اجلاس میں شریک ہوںگے۔
چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری اطلاعات اوراعلی حکام بھی اجلاس میں شرکت کریںگے۔ اجلاس میں افسوسناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ ارکان کی کارکردگی رپورٹس طلب کرلی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کابینہ کے کچھ ارکان کیخلاف مبینہ الزامات پرانکوائری شروع کردی گئی ہے۔
جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی پر تین سے چار وزرا کی وزارتیں تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ اسی طرح ناقص کارکردگی پر کچھ وزراء سے وزارتوں کے قلمدان بھی واپس لیے جانے کا امکان ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عمرہ کی ادائیگی کیلئے گئے تو انہوں نے جاتے ہوئے ترجمان شہبازگل اور عون چودھری کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے جس پر شہباز گل خود مستعفی ہوگئے تھے۔