پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس، خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 3روز کی توسیع

 
0
44702

لاہور ستمبر 28 (ٹی این ایس): لاہور کی احتساب عدالت نے پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگی رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 03روز کی توسیع کردی۔ عدالت نے خواجہ برادران کو عدالت پیش نہ کرنے پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی۔لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔
ہفتہ کے روز جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے باوجودخواجہ برادران کو عدالت پیش نہیں کیا گیا، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ لاہور بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال اور سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے خواجہ برادران کو پیش نہیں کیا گیا،جیل حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں کو لانے کیلئے سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔خواجہ برادران کو عدالت پیش نہ کرنے پرعدالت نے ایس پی ہیڈ کوارٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی۔
خواجہ برادران کے وکلاء نے لاہور بار کی ہڑتال کے سبب سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 3روزہ توسیع کردی۔ عدالت نے یکم اکتوبر کو ملزموں کودوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا،عدالت نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف درخواست پر خواجہ برادران کے وکلاء کوآئندہ سماعت پرمزیدبحث کے لیے طلب کر لیا۔