گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بریگیڈیئر خالد عبدالحسین حسن کی قیادت میں عراقی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے 23 رکنی وفد کی ملاقات

 
0
471

کراچی اکتوبر 12 (ٹی این ایس): گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بریگیڈیئر خالد عبدالحسین حسن کی قیادت میں عراقی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، وار اینڈ اسٹاف کالج کا 23رکنی وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں خالد عبدالحسین نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان بڑے دیرینہ ثقافتی، مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں اور ہم پاکستان کے دورے سے بے شمار یادیں ساتھ لیکر جارہے ہیں۔
اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہت حد تک بہتری آئی ہے۔ ملک میں ثقافتی، معاشی، ترقیاتی کاموں سمیت دیگر سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے اس ضمن میں پوری مسلم امہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال پاکستانی بڑی تعداد میں مذہبی مقامات کی زیارت کے لئے عراق جاتے ہیں، پاکستان عراق کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین فوجی اور اقتصادی تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان عراق کے ساتھ تجارت، تعلیم اور ثقافت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے۔ دونوں ممالک کے مابین فوجی و تجارتی وفود کے تبدلوں سے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔