ٹماٹر سے لوڈ گاڑیاں ایران سے پاکستان آنے کو تیار پاکستان میں ٹماٹر کی قیمت واپس معمول پر آنے کا امکان

 
0
956

اسلام آباد نومبر 14 (ٹی این ایس): حکومت نے مقامی منڈی میں ٹماٹر کے ہوش ربا اضافے کے پیش نظر ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دے دی۔۔پاکستان میں ٹماٹر کی قیمت واپس معمول پر آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، پاکستان میں دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔
نئے پاکستان میں اس وقت کھانوں میں سب سے استعمال ہونے والی سبزی ٹماٹر کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی اور حیران کُن بات یہ ہے کہ ٹماٹر ڈالر سے بھی زیادہ مہنگا ہو گیا ہے۔لیکن اب ٹماٹر کی قیمتیں معمول پر آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ٹماٹر سے لوڈ سیکڑوں گاڑیاں ایران سے پاکستان آنے کو تیار ہیں۔ایران سے ٹماٹر سے لوڈ گاڑیاں بارڈر پر پہنچ گئیں۔
تاہم ہڑتال کی وجہ سے سپلائی رکنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ایران سے ایک مہینے کے لیے ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دی گئی۔مذکورہ فیصلہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی (ایم این ایف ایس)، درآمد کنندگان ، وزارت تجارت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں کیا گیا۔ ایم این ایف ایس کے وفاقی سکریٹری محمد ہاشم پوپلزئی نے ملاقات کے بعد بتایا کہ ہاں ، ہم نے ایران سے ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلے کے مطابق درآمد کنندگان کو گھریلو مارکیٹ میں فروخت کے لیے تین سے چار ہفتوں تک ایران سے ٹماٹر خریدنے کی اجازت ہوگی۔ اگرچہ حکومت نے خریداری کے لیے کوٹے کی وضاحت نہیں کی تاہم ٹماٹر درآمدات کے لیے 13 دسمبر کی ڈیڈ لائن طے کی ہے۔ دوسری جانب حکومت کو یقین ہے کہ سندھ سے اگلے دو سے تین ہفتوں میں ٹماٹر اور پیاز کی نئی فصل مارکیٹ میں آجائے گی۔
اس دوران ایران سے درآمدات کسی حد تک اس خلا کو پٴْر کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔توقع ہے کہ اگلے چار دن میں ٹماٹر پاکستان پہنچ جائیں گے۔پاکستان کی جانب سے تفتان بارڈر پر ٹماٹروں کی ترسیل کے لیے ایران کا محکمہ سرٹیفکیٹ پیش کریگا۔ خیال رہے کہ ٹماٹر کی کراچی میں فی کلو قیمت 250 رپے تک جا پہنچی تھی جب کہ سرکاری لسٹ میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 85 روپے ہے۔
شہر قائد میں مٹر کی قیمت 180 سے بڑھ کر 250 روپے فی کلو ہوگئی ۔ لاہور میں بھی سبزیی فروش اپنی مرضی کے دام وصول کر رہے ہیں۔ شہر لاہور میں ٹماٹر 165 سے بڑھ کر 190 اور 240 روپے فی کلو پر فروخت کیے جا رہے ہیں جب کہ آلو کی فی کلو قیمت 55 سے بڑھ کر 70 اور پیاز کی 65 سے 90 روپے ہوگئی ہے۔ 330 روپے فی کلو والا ادرک 360 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی سبزیوں کی من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں لیکن سبزی منڈی کے مالکان اور سبزی فروشوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
پشاور میں ٹماٹر80 کی بجائے 120 روپے فی کلو، پیاز 50 کی بجائے 90 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔ جبکہ مٹرکی قیمت 90 سے بڑھ کر 140 روپے ہوگئی ہے۔ خیرپور میں بھی ٹماٹر نے ڈبل سنچری مکمل کرلی ۔ جبکہ ملتان اور سرگودھا میں بھی ٹماٹر 120 سے بڑھ کر 160 روپے فی کلو پر فروخت ہو رہا ہے۔ خواتین کا کہنا ہے کہ ٹماٹر ہر سالن کا اہم جزو ہے جو تقریباً تمام اقسام کے سالن میں ہی استعمال ہوتا ہے۔ خواتین نے ٹماٹر کی قیمت میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ پرائس کنٹرول اتھارٹی اس معاملے کا نوٹس لے کر من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کر کے عوام کو ریلیف دے۔