ترسیلات زر کی بدولت 4 ماہ کے دوران قومی خزانے میں 7 ارب ڈالرز سے زائد کا اضافہ

 
0
278

اسلام آباد نومبر 14 (ٹی این ایس): ترسیلات زر کی بدولت 4 ماہ کے دوران قومی خزانے میں 7 ارب ڈالرز سے زائد کا اضافہ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اکتوبر میں بھیجی گئی ترسیلات زر 14.4 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب ڈالر رہیں، رواں برس کل 7 ارب 62 کروڑ ڈالرز موصول ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس اکتوبر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر ستمبر کے ماہ کے مقابلے میں 14 فیصد زائد رہیں۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اکتوبر میں بھیجی گئی ترسیلات زر 14.4 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب ڈالر رہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا اکتوبر ترسیلات زر کی شرح کم رہی اور اس عرصے کے دوران 1.82 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ترسیلات زر کا حجم 7 ارب 62 کروڑ ڈالر رہا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر کا حجم 22 ارب ڈالر ہوجانے کا امکان ہے۔
ستمبر میں ترسیلات زر میں کمی کے بعد اکتوبر میں ترسیلات میں دوبارہ بہتری آئی ہے۔ اس سے قبل مالی سال 2019 کے پہلے 11 ماہ جولائی تا مئی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 20190.98 ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے گئے جو گزشتہ برس کی اسی مدت میں موصول ہونے والے 18285.90 ملین ڈالر کے مقابلے میں 10.42 فیصد زیادہ تھے۔ صرف مئی 2019 ترسیلات زر کی مالیت 2315.74 ملین ڈالر رہی تھی جو اپریل 2019 کے مقابلے میں 30.17 فیصد زائد جبکہ مئی 2018 کے مقابلے میں 28.36 فیصد زائد تھی۔