پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تیزی کے تمام ریکارڈز توڑ دیے، 13 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

 
0
11125

کراچی دسمبر 16 (ٹی این ایس): پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تیزی کے تمام ریکارڈز توڑ دیے، 13 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، پہلے کاروباری روز 728 پوائنٹس کی تیزی، حصص کی مالیت میں 100 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ، انڈیکس 41644.88 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج حقیقی معنوں میں دنیا کی سب سے بہترین اسٹاک مارکیٹ ثابت ہو رہی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کئی ہفتوں سے تیزی کا تسلسل جاری ہے۔ یہ تسلسل پیر کو کاروباری ہفتے کے آغاز بھی دیکھا گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج شروع ہونے والے کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست تیزی کے بعد حصص مارکیٹ 13 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز 728 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔
مارکیٹ میں تیزی کے باعث حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس کی مزید سات حدیں 41000، 41100، 41200، 41300، 41400، 41500، 41600 بحال ہوگئیں۔ کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 728.29 پوائنٹس کی تیزی کے بعد انڈیکس 41644.88 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ یوں مارکیٹ 13 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ پیر کے روز دیکھی گئی تیزی کے باعث حصص کی مالیت میں 100 ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔