ابرار الحق اپنے نئے گانے کی وجہ سے مشکل میں پڑ گئے

 
0
12235

گانے میں مردانگی کا مذاق اڑایا گیا۔۔۔ وکلاء نے ابرارلحق کے خلاف ’’چمکیلی‘‘ گانے پرسول کورٹ میں مقدمہ دائر کردیا ,
اسلام آباد دسمبر 18 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معروف گلوکار ابرار الحق اپنے نئے گانے “چمکیلی” کی وجہ سے مشکل میں پڑ گئے۔ لاہور کے وکلاء نے گلوکار ابرارلحق کے خلاف ’’چمکیلی‘‘ گانے پر مقدمہ دائر کردیا۔تفصیلات کے مطابق وکلاء نے لاہور سول کورٹ میں ابرار الحق کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ابرار الحق کے گانے ” چمکیلی” میں مردانگی کا مذاق اڑایا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ مدعی رانا عدنان اصغر ایڈووکیٹ نے خواجہ معظم اقبال ایڈووکیٹ،سجاد رانا ایڈووکیٹ، چوہدری طارق یوسف ایڈووکیٹ اور طارق شاہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور سول کورٹ میں ابرارلحق کے خلاف پٹیشن دائرکی ہے۔مدعیان نے موقف اختیار کیا کہ اس گانے پر گلوکار سے وضاحت طلب کی جانی چاہئیے۔پٹیشن میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ ابرار الحق قوم سے معذرت کریں اور اپنے اس گانے کو وسیع تر مفاد میں ختم کریں۔
پٹیشن میں مدعی رانا عدنان اصغر نے کہا کہ’’ چمکیلی‘‘ گیت میںوویمن ایمپاورمنٹ کی آڑ لے کر مرد حضرات کی تضحیک کی ہے اور مردانگی کا مذاق اڑایا گیا ہے۔رانا عدنان اصغر نے موقف اختیار کیا کہ آپ گیت سن کر خود فیصلہ کریں اور میرے ہمنوا بن کر اس زیادتی پر آواز بلند کریں اور قوم کی مردانگی پر ضرب کاری کیلئے ابرار الحق صاحب سے وضاحت طلب کریں۔
رانا عدنان اصغر نے پٹیشن میں مطالبہ کیا ہے کہ ابرار الحق قوم سے معذرت کریں اور گیت کو وسیع تر قومی مفاد میں ڈیلیٹ کر دیں۔خیال رہے کہ ابرار الحق کے زیادہ تر گانے منفرد گانے کے بول کی وجہ سے سپر ہٹ جاتے ہیں۔تاہم اس بار ابرار الحق اپنے گانے کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئے ہیں۔یوٹیوب پر ابرار الحق کے گانے چمکیلی کو ایک ہفتے کے دوران لاکھوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔