طب کی دنیامیں جدیدسائنسی ایجادات متعارف کرواکرہی چیلنجزپرقابوپایاجاسکتاہے،ڈاکٹریاسمین راشد

 
0
30722

لاہور دسمبر 18 (ٹی این ایس): وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کے انتالیسویں انٹرنیشنل سائینٹیفک سمپوزیم میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پروائس چانسلرکنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل، سی ای اومیوہسپتال پروفیسرڈاکٹراسداسلم خان، پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرالفریدظفر، پروفیسرڈاکٹرعائشہ شوکت، پروفیسرڈاکٹرمحمودعلی ملک ودیگرسینئرپروفیسرز، فیکلٹی ممبران، غیرملکی پروفیسرز وطلبہ کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔
پروفیسرغیاث الدین نبی نے سمپوزیم کی افادیت اورتفصیلات سے آگاہ کیا۔ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالد مسعودگوندل نے صوبائی وزیرصحت کوخوش آمدیدکہنے کیلئے استقبالیہ خطبہ دیا۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے سمپوزیم کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ننکانہ سے ہیپاٹائٹس کی سکریننگ کا ماڈل پراجیکٹ شروع کیاجا رہا ہے۔ طب کی دنیا میں جدید سائنسی ایجادات متعارف کروا کر ہی چیلنجزپرقابوپایا جاسکتا ہے۔
ہیپاٹائٹس کے اعداد وشماردیکھ کرحفاظتی اقدامات اٹھارہے ہیں۔ پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت ساٹھ ہزارمریضوں کومفت علاج معالجہ وادویات کی مفت سہولت فراہم کی جارہی ہے۔وزیر صحت پنجاب نے مزیدکہا کہ ایران میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکانظام انتہائی منفرد،جامع اورکامیاب ہے۔پنجاب کے طبی تعلیمی اداروں میں طلبہ کوجدیدعلوم سے روشناس کروایاجا رہا ہے۔
صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کیلئے میرٹ پرریکارڈ بھرتی کی گئی۔ دیہی اوربنیادی صحت مراکزمیں ڈاکٹرزکی تعدادپوری کی گئی ہے اور چھیانوے فیصداضلاع میں ڈاکٹرزکی کمی بھی پوری کردی گئی ہے۔ سنٹرل انڈکشن سسٹم کومتعارف کرواکرمیرٹ کویقینی بنایاجا رہا ہے۔ تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکی کمی پوری کرکے مریضوں کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانی پیداکی جارہی ہے۔
شعبہ صحت پنجاب میں ترقی کے منتظرافسران وملازمین کی فہرستیں تیارکی جارہی ہیں۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ماں اوربچہ کی صحت کویقینی بنانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انصاف صحت رسائی پروگرام کے تحت فلٹرکلینکس کاآغازگیم چینجرثابت ہوگا۔ اگلے مالی سال تک ہم بہترلاکھ خاندانوں کوصحت انصاف کارڈتقسیم کرچکے ہونگے۔ ایم ٹی آئی ایکٹ کے تحت اصلاحات ناگزیرہوچکی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر ٹیچنگ ہسپتال میں سالانہ ایک بستر پر پینتالیس لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ ہمیں صحت کے شعبہ میں اصلاحات لاکر بہتری لانی ہے۔ صحت انصاف کارڈکے ذریعے دوسوسے زائد نجی ہسپتالوں میں پچاس ہزار بستروں کا اضافہ ہوسکا۔صوبائی وزیر صحت نے انتہائی اہم موضوع پرسمپوزیم کے انعقادپر وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل اورانتظامیہ کوشاباش اورمبارکباد دی۔