بھارت نے لائن آف کنٹرول پر 5 جگہوں پر باڑ کاٹ دی

 
0
248

انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے سرحد پار غیر معمولی نقل و حرکت کی گئی ہے، ایل او سی پر میزائل نصب اور جنگی ٹینک بھی تعینات کر دیے گئے ہیں
اسلام آباد دسمبر 19 (ٹی این ایس): بھارت نے لائن آف کنٹرول پر 5 جگہوں پر باڑ کاٹ دی، انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے سرحد پار غیر معمولی نقل و حرکت کی گئی ہے، ایل او سی پر میزائل نصب اور جنگی ٹینک بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ سرحدوں پر بھارتی فوج کی جانب سے مشکوک حرکات کی گئی ہیں جس سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ بھارت، پاکستان سے جنگ چھیڑنے کی تیاریاں کیے بیٹھے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر 5 جگہوں پر لگی باڑ کو کاٹ دیا ہے۔ جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے سرحد پار غیر معمولی نقل و حرکت کی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، کسی بہانے آپ نے پاکستان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو مسلح افواج تیار ہیں بروقت اور مناسب جواب دیا جائے گا، لائن آف کنٹرول پر لگی ہوئی باڑ کو پانچ جگہ سے کاٹا ہے اس کے پیچھے کیا عزائم ہیں کیا کوئی نیا مس ایڈونچر ہونے جا رہا ہی ان پر بھی ہمیں تشویش ہے۔
جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو ہنگامی خط تحریر کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے ذمے داران سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کیلئے اقوام متحدہ اپنے فوجی مبصر گروپ کو مزید فعال کرے۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کو بتایا ہے کہ بھارت پاکستان کیخلاف دشمنی پر مبنی خطرناک عزائم رکھتا ہے۔
بھارت اپنے اندرونی مسائل سے دنیا اور اپنی عوام کی بھی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کیخلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے۔ بھارت پاکستان کیخلاف جنگ چھیڑنے کے بہانے تلاش کر رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کو بتایا ہے کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر جنگی ہتھیار پہنچا دیے ہیں۔ بھارت نے سرحد پر براہموس اور اسپائس میزائل نصب کر دیے ہیں جبکہ جنگی ٹینک بھی تعینات کیے جا چکے ہیں۔
سرحدوں پر بھارتی فوج کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر حالیہ کچھ عرصے کے دوران اشتعال انگیز کاروائیوں میں خطرناک حد تک اضافہ کیا ہے۔ بھارت کی اشتعال انگیز کاروائیوں کے باعث درجنوں کشمیری اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کو بتایا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی غیر معمولی نقل و حرکت نظر آ رہی ہے۔ بھارت میزائلوں سے آزاد کشمیر پر حملہ کر سکتا ہے۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر بھارت نے کوئی جارح قدم اٹھایا تو پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار بیٹھی ہے۔