سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی14 میں جدید اور سمارٹ ایل ای ڈی سٹریٹ لائٹس (Smart LED Streets Lights) لگانے کے لیے 17 ملین روپے کی منظوری دے دی

 
0
406

اسلام آباد دسمبر 21 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی14 میں جدید اور سمارٹ ایل ای ڈی سٹریٹ لائٹس (Smart LED Streets Lights) لگانے کے لیے 17 ملین روپے کی منظوری دے دی ہے یہ جدید اور سمارٹ ایل ای ڈی سٹریٹ لائٹس سیکٹر آئی14 کے میجر روڈپرلگائی جاینگی۔ جدید ٹیکنالوجی کی حامل یہ ایل ای ڈی لائٹس جہاں زیادہ روشنی دیتی ہیں وہاں ان سے توانائی میں بھی خاطر خواہ بچت کی جا سکے گی۔ سیکٹر آئی فورٹین میں سٹریٹ لائٹ کی فراہمی سیکٹر کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ تھا تاہم ماضی میں اس سیکٹر کی ڈویلپمنٹ سمیت دیگر بنیادی اور سہولیات کی فراہمی پر توجہ نہ دی گئی جس کے باعث سیکٹر کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔

سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں میں تعطل کا شکار رہائشی سیکٹروں میں تعمیراتی سرگرمیوں کو شروع کرنے اور ترقیاتی کاموں کی جو مربوط حکمت عملی بنائی اس پر عمل درآمد کرتے ہوئے مختلف سیکٹروں میں فوری ترقیاتی کام کا آغاز کیا اور ان ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے سی ڈی اے کی ڈی ڈبلیو پی (CDA-DWP) میں پی سی ون PC-I اور پی سی ٹو (PC-II) منظور کئے۔ اسلام آباد کے سیکٹر آئی14میں بھی باقی ماندہ ترقیاتی کام جو گزشتہ کئی سالوں سے تعطل کے شکار تھے کو شروع کرانے کے لیے پی سی ٹو (PC-II)کی منظوری دی جبکہ سیکٹر آئی 14 کی مرکزی رابطہ سڑک کو بھی قلیل وقت میں ضروری تعمیر و مرمت کرکے مکینوں کے دیرینہ مطالبہ پورا کیا. سیکٹر آئی14کی مرکزی شاہراؤں پر نصب کی جانے والی جدید سمارٹ ایل ای ڈی سٹریٹ لائٹس کے علاوہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی ہے کہ سیکٹر کے اندر چھوٹی رابطہ سڑکوں اور گلیوں کی بھی فوری تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا جائے جبکہ دیگر شہر کے سیکٹروں میں بھی جہاں سٹریٹ لائٹ موجود نہیں ہیں یا خراب حالت میں ہیں کے لئے بھی متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کر دی گئیں ہے کہ وہ ان کی لاگت کا تخمینہ تیار کریں تاکہ ان پر بھی کام شروع کیا جا سکے۔
دریں اثنا سی ڈی اے انتظامیہ نے سی ڈی اے کیپیٹل ہسپتال کی لفٹوں کی سالانہ مرمت اور دیکھ بھال پر آنے والی لاگت کی بھی منظوری دے دی ہے تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو لفٹ کی صورت بلاتعطل مہیا کی جاسکے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لفٹ کی مرمت اور دیکھ بھال کا کام کو فوری شروع کروادیں تاکہ اسے جلد از جلد مکمل کیا جاسکے اور مریضوں، عمر رسیدہ اور معذور افراد کو لفٹ کی سہولت مہیا کی جائے۔