شاہ سلمان کا مشترکہ اسلامی لائحہ عمل کو مضبوط بنانے کے لیے کوششوں پر زور

 
0
370

جدہ دسمبر 25 (ٹی این ایس): سعودی کابینہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ صرف اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) ہی کو اسلامی دنیا کی متحدہ آواز کے طور پر کردار ادا کرنا چاہیے۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق منگل کے روز کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیِ صدارت میں ہوا۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے او آئی سی کی 1969ء میں قیام کے بعد سے مشترکہ اسلامی لائحہ عمل کو مضبوط بنانے کے لیے کوششوں پر زوردیا ہے۔
کابینہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’اسلامی تعاون تنظیم کے صدر دفاتر اور اس کے رکن ممالک کی میزبانی سعودی عرب کے لیے ایک اعزاز ہے تاکہ اسلامی اقوام کے مفادات کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔ سعودی کابینہ کے اجلاس میں او آئی سی سے متعلق امورکے علاوہ ویژن 2030ء کے اہداف کے حصول کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا ہے اور کابینہ نے سعودی عرب کے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اقتصادی اصلاحات کے عمل کو جاری رکھا جائے گا۔
شاہ سلمان نے تمام وزراء اورحکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس منصوبے میں شامل ترقیاتی اور سماجی پروگراموں پر عمل درآمد کریں۔خیال رہے کہ اس سے قبل سیکرٹری جنرل او آئی سی کا کہنا تھا کہ کوالالمپور کانفرنس امت میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ ا ن کا کہنا ہیکہ او آئی سی باہر کسی بھی عنوان سے مشترکہ جدو جہد اسلام اور مسلمانوں کو کمزورکر دیگی۔
ریاض میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ کوالالمپور کانفرنس امت میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ کوالالمپور کانفرنس امت میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے، اسلامی تعاون تنظیم اسلام کو جوڑنے والی تنظیم ہے۔ انکا مزید کہنا ہے کہ او آئی سی باہر کسی بھی عنوان سے مشترکہ جدو جہد اسلام اور مسلمانوں کو کمزورکر دیگی۔ یاد رہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد اور سعودی شاہ سلمان کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا۔وزیراعظم مہاتیر محمد نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو فون کر کے کوالالمپور میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے حوالے سے اعتماد میں لیا تھا۔