ملتان دسمبر 27 (ٹی این ایس): اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید نے حضرت شاہ رکن عالم ؒکے عرس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ روز قلعہ کہنہ قاسم باغ کا دورہ کیا۔ایڈمنسٹریٹر اوقاف ضیاء المصطفیٰ بھی انکے ہمراہ تھے ۔عابدہ فرید نے زیر تعمیر واٹر فلٹریشن پلانٹ کا وزٹ کیااور کنٹریکٹر کو واٹر فلٹریشن پلانٹ تین دن کے اندر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔انہوں نے ٹریفک پولیس کی طرف سے تشکیل دئے گئے ٹریفک پلان کو چیک کیااور گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص جگہ کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں قلعہ کہنہ قاسم باغ کے اطراف میں واسا کی طرف سے سیوریج لائنوں کی صفائی بارے معلومات حاصل کیں۔ دورے کے موقع پر مختلف محکموں کی طرف سے کیمپس لگانے کی جگہ کا تعین بھی کیا گیا۔انہوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ میں سٹریٹ لائٹس کے علاوہ اضافی لائٹس لگانے کا حکم دیااسسٹنٹ کمشنر سٹی نے ریسکیو،ہیلتھ،واسا اور کارپوریشن کو عرس کے دوران سٹاف کو شفٹوں میں تعینات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام محکمے سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر ڈی سی آفس میں جمع کرائیں۔