پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کے لیے قربانیاں کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،

 
0
328

اسلام آباد دسمبر 27 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کے لیے جو قربانیاں دی ہیں، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، نوجوانوں کی یہ ذمہ داری ہے وہ ان کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ وہ قائد اعظم کے تصور پاکستان کے موضوع پر قومی یوتھ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔
کانفرنس کا اہتمام ادارہ تحقیقات اسلامی بین الاقوامی اسلامی یو نیورسٹی نے کیا تھا۔ اس موقع پر قائد اعظم کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ وفا قی وزیرحماد اظہر نے کہا کہ دہشت گردوں نے پاکستان کے معصوم عوام اور اسکے محافظوں کا لہو بڑی بے دردی سے بہایا ہے، اس مشکل صورتحال سے نکلنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ امن کا راستہ اختیار کیا جائے۔ مجھے خوشی ہے کہ اسلامک یونیورسٹی نے بڑی محنت سے پیغام پاکستان جیسی شاندار دستاویز تیار کی جس کے نتائج تاریخی ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام تر امیدیں نوجوانوں سے وابستہ ہیں۔ اس لیے میں انھیں نصیحت کروں گا کہ وہ بانیان پاکستان کی فکر کی روشنی میں اس ملک کو ترقی کے بام عروج پر پہنچادیں تاکہ نہ صرف پاکستان بلکہ یہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن جائے۔ اسلامک یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف احمد الدریویش نے اس موقع پر کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کا تصور پاکستان یہ تھا کہ پاکستان کے نوجوان اپنی صالح فکر اور خداداد توانائی سے فائدہ اٹھا کر اس ملک کو دنیا میں ممتاز کریں گے اور عالم انسانیت کے دکھوں کا مداوا کریں گے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو بڑی صلاحیتوں سے نوازا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنی بے پناہ صلاحیتیوں اوراپنے غیر معمولی جغرافیہ کی بدولت سے عالم اسلام کی قیادت کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ کانفرنس بھی ان ہی مقاصد کی تکمیل کا ایک ذریعہ ہے۔ کانفرنس سے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیا القیوم اور اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر ضیا الحق نے بھی خطاب کیا جب کہ ان کے علاوہ احمد خاور شہزاد اورڈاکٹر عبدالقدوس صہیب اور رستم خان کو پیغام پاکستان امن ایوارڈ بھی دیے گئے۔