نیب قانون میں ترمیم کا مقصد قومی ترقی کے پہیے کو تیز کرنا ہے،

 
0
371

اسلام آباد دسمبر 30 (ٹی این ایس): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم کا مقصد قومی ترقی کے پہیے کو تیز کرنا ہے، اپوزیشن نیب آرڈیننس کو پڑھے بغیر ہی تنقید برائے تنقید پر عمل کر رہی ہے، این آر او متعارف اور فائدہ اٹھانے والے بھی نیب آرڈیننس پر تنقید کر رہے ہیں، نیب آرڈیننس میں دیانتدار اور ایماندار لوگوں کا تحفظ کیا گیا ہے، حکومت عمران خان کی قیادت میں ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے کوشاں ہے، نیب اور ایف آئی اے جیسے اداروں کو آزاد کیا گیا ہے، ماضی میں ایف آئی اے کو مرضی کے سوالنامے دیئے جاتے رہے، اب اگر کوئی ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوتا ہے تو یہی تبدیلی ہے۔
وہ پیر کو قائداعظم کے یوم ولات کی تقریبات کے سلسلے میں تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہیں تھیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے قائد کی شخصیت اور تحریک کو تصویری انداز میں پیش کرنے پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان سے وابستہ قیمتی اثاثے کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنا ہمارا فرض ہے، وزارت اطلاعات و نشریات اس قومی فرض کو احسن طریقے سے ادا کر رہی ہے، آج وقت نے دو قومی نظریئے کی حقیقت پر مہر تصدیق ثبت کر دی، بھارت کے موجودہ حالات نے دو قومی نظریئے کی حقیقت ثابت کر دی، دو قومی نظریئے پر قائداعظم کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صورت میں قائد کا پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، قائداعظم کے پاکستان کو عملی تعبیر دینے کیلئے عمران خان ہر شعبے میں اصلاحات لا رہے ہیں، ملک کو گلے سڑے نظام سے چھٹکارا دلانے کیلئے اصلاحات پر عمل پیرا ہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جن کے ذمہ ملک کی سلامتی تھی وہ اداروں میں ٹکراؤ کا باعث بنتے رہے، ڈان لیکس کی صورت میں اپنے ہی اداروں کے خلاف کام کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے بچوں کی بجائے قوم کی فکر میں مبتلا ہیں کیونکہ لیڈر ذاتی مفاد کیلئے نہیں بلکہ پوری قوم کیلئے سوچتا ہے، ہر قدم پر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کا نام ہی زندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم ؒنے قیام پاکستان کو حقیقت کا روپ دیکر ناممکن کو ممکن بنایا، وزیراعظم عمران خان نے 23 سال جدوجہد کی، میرٹ اور قانون کی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان کا روشن اور درخشاں چہرہ متعارف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت سٹیٹس کو کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں، ماضی میں ملک کو قائداعظم کے اصولوں سے بہت دور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو وزیراعظم عمران خان جیسا دیانتدار رہنما ملا، پی ٹی آئی نے ایک سال میں ملکی معیشت کو استحکام کی جانب گامزن کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کرنے والوں کے علاوہ پوری عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم کا مقصد قومی ترقی کے پہیے کو تیز کرنا ہے، اپوزیشن نیب آرڈیننس کو پڑھے بغیر ہی تنقید برائے تنقید پر عمل کر رہی ہے۔