زرداری نے خوبصورتی سے فضل الرحمن اورمریم نواز کو سائیڈ لائن کردیا ، شیخ رشید

 
0
364

اسلام آباد 01 جنوری 2021 (ٹی این ایس): پی پی پی سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی ،کسی بھی جماعت کو ملٹری ونگ بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے،وزیر داخلہ
چینی، دوائی، ڈیزل مافیا کے خلاف حساب کا وقت قریب ہے،نئے سال میں کے پی اور پنجاب میں جھاڑو پھرے گا، پریس کانفرنس
پشاور ،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ زرداری انتہائی خوبصورتی سے پتے کھیل رہا ہے، اس نے طریقے سے فضل الرحمن اورمریم نواز کو سائیڈ لائن کردیا ہے،پیپلز پارٹی سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی ، چند ایک جماعتیں سیاست کے نام پر اپنی عسکری فورسز تیار کررہی ہیں، ان کو خبردار کرتا ہوں کہ ایسے کسی بھی فعل سے باز رہیں،کسی بھی جماعت کو ملٹری ونگ بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے، خواجہ آصف پر کیس نیب نے بنایا ، نیب کو پتا ہے کہ کون کون سے مزید لوگ نئے سال میں اندر جانے والے ہیں، میری سیاسی سوچ کے مطابق کے پی اور پنجاب میں جھاڑو پھرے گا،چینی، دوائی، ڈیزل مافیا کے خلاف حساب کا وقت قریب ہے۔وہ جمعہ کو یہاں پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نئے سال کا آغاز کے پی سے کر رہاہوں، میں نے طور خم بارڈر کا وزٹ کیاہے اور بارڈر پر امیگریشن سہولیات کا جائزہ لیا ہے،میں نے 53 سال بعد لنڈی کوتل کا وزٹ بھی کیا ہے،ہم جدید ترین بارڈر مینیجمنٹ سسٹم لے کر آرہے ہیں،انٹرنیشنل ٹریڈ اور امیگریشن سے متعلق تمام محکمے ایک جگہ پر کام کرینگے،ہم پاکستان آنے اور پاکستان سے جانے والے ہر شخص پر نظر رکھیں گے تاکہ ہم پاکستان بارڈر کو محفوظ ترین بنائیں اور تجارت اور سیاحت کو فروغ دیں، طور خم اہم ترین بارڈر ہے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان سب سے زیادہ تجارت اور گاڑیوں کی نقل وحمل بھی اسی بارڈر پر ہوتی ہے،اسے جدید کیا جارہاہے،مسئلہ افغانستان والی سائیڈ کا ہے، جہاں سہولیات نہیں ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یکم جنوری سے مینوئل ویزہ کا مکمل خاتمہ کردیا ہے، آج سے دنیا کے191ملکوں کیلئے آن لائن ویزے کا آغاز کردیا ہے۔ان ویزوں میں افغانستان اور چین کے شہریوں کے ویزے بھی شامل ہیں۔ان ویزوں کے حوالے سے کرپشن کی بہت سی شکایات سامنے آرہی تھیں۔آن لائن ویزے سے کرپشن کے شکایات کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ہوگا اور بیرون شہریوں کو آسانی سے گھر بیٹھے ویزہ ملے گا۔پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران تقریبا ایک لاکھ افغان اور چینی شہریوں نے ویزا اپلیکیشنز جمع کروائیں ہیں۔ ہم ان کو کاروبار کے لئے ایک سے پانچ سال تک کا ویزا جاری کرینگے۔وزیر اعظم عمران خان کا ایک ویژن ہے کہ پاکستان ویزے کو آسان ترین اور تیز ترین بنایا جائے۔ ہم اس پر عمل پیرا ہیں۔آن لائن ویزا ہم زیادہ سے زیادہ ایک ماہ میں جاری کرینگے۔شیخ رشید نے کہا کہ کرک میں ہندو سمدھی پامال کرنے والے عناصر کی سخت مذمت کرتا ہوں۔بطور وزیر داخلہ میں نے صوبائی حکومت سے مذہب کی آڑ میں ایسی کسی بھی کاروائی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا کہا ہے۔تمام مذہبی اقلیتوں کو مکمل تحفظ دینگے۔ان کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے دشمنوں اور عظیم افواج پاکستان پر الزام تراشی کرنے والوں کو بھی یہ واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ پاکستان افواج کو متنازعہ مت بنائیں، اپنی زبان کو دھمکیوں کیلئے استعمال نہ کریں،ایسی کسی بھی صورت میں قانون حرکت میں آئیگا،میں پاکستان میں کام کرنے والی چند ایک این جی اوزکو بھی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم ان کو واچ کر رہے ہیں،ان کی چند ایک سر گرمیاں قابل اعتراض ہیں،پاکستان میں ایسی کسی بھی این جی او جو بیرونی ایجنڈا پر پاکستان کی سلامتی کے خلاف ملوث پائی گئی، ان کے خلاف ریاست سختی سے پیش آئیگی،پاکستان کی سلامتی کے خلاف کام کرنے والے عناصر کا قلع قمع کرینگے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ یورپی یونین ڈس انفولیب نے پچھلے پندرہ سال سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے پر بھارتی نیٹ ورک کو جس طرح ایکسپوز کیا ہے اور دنیا کو ہندوستان کا اصلی چہرہ دکھانے کیلئے کافی ہے،خدشہ ہے کہ ہندوستان پاکستان کے خلاف ایسی کاروائی سے باز نہیں آئیگا،پاکستان کو بارڈر پر اینگیج کرنے کا جو منصوبہ ہندوستان نے بنا رکھا ہے وہ کسی بڑی جنگ کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوسکتا ہے،دنیا اسکا نوٹس لے۔شیخ رشید نے کہا کہ زرداری انتہائی خوبصورتی سے اپنے کارڈز کھیل رہا ہے، اس نے بہت خوبصورتی سے فضل الرحمن اورمریم نواز کو سائیڈ لائن کردیا ہے،میں نے چار مہینے پہلے کہا تھا پیپلزپارٹی سینٹ کا الیکشن لڑے گی،وہ ایک سیاسی پارٹی ہے،الیکشن کا بائیکاٹ پیپلز پارٹی کا دستور نہیںاور نہ ہی مسلم لیگ اور فضل الرحمن استعفے دینا افورڈ کر سکتے ہیں،سیاسی بات چیت صرف منتخب لوگوں سے ہی ہو سکتی ہے،نواز شریف کاڈپلومیٹک پاسپورٹ 16 فروری کو ختم ہوجائے گا،ان کو واپسی کیلئے عدالتی نوٹس بھیجے ہیں، جب تک نواز شریف پاکستان نہیں آتے، عدالت کے سامنے سرینڈر نہیں کرتے، نواز شریف کا نیا پاسپورٹ جاری نہیں کرینگے، وہ ایک اشتہاری اور مجرم ہیں، ان کا نام ای سی ایل پر ہے، وہ ون ٹائم پرمیشن لے کر لندن گئے جو ختم ہوگئی،وہ واپس آئیں اور قانون کے سامنے پیش ہوں،فضل الرحمن کو چاہیے کہ وہ کچھ دور اندیشی دکھائیں،ذاتی لڑائی میں نہ پڑیں،وہ اس لڑائی میں اکیلے رہ گئے،چند ایک جماعتیں سیاست کے نام پر اپنی عسکری فورسز تیار کررہی ہیں، میں ان کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ ایسے کسی بھی فعل سے باز رہیں۔کسی بھی جماعت کو ملٹری ونگ بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے،ہم نے بڑی مشکل سے ملک میں امن قائم کیا ہے، ہم ایسی عسکری تنظیوں پر پابندی لگانے پر غور کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف پر کیس نیب نے بنایا ہے، نیب کے ان کو گرفتار کیا ہے، نیب کو پتا ہے کہ کون کون سے مزید لوگ نئے سال میں اندر جانے والے ہیں،لیکن میری سیاسی سوچ کہ رہی ہے کہ کے پی اور پنجاب میں جھاڑو پھرے گا،چینی، دوائی، ڈیزل مافیا کے خلاف حساب کا وقت قریب ہے۔